لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی حصہ میں 2 سال سے زائد عرصے سے غریب خاندانوں کو صحت کی خدمات فراہم کرنے والے مرکز صحت سے گن پوائنٹ پر سامان چوری کر لیا گیا ہے۔
’طلوع‘ نیوز کے مطابق مرکز صحت کے عملے نے پیر کو بتایا کہ مسلح افراد نے گزشتہ رات شہر کے پولیس ڈسٹرکٹ 13 میں ایک صحت مرکز سے سامان چوری کر لیا ہے۔ مرکز صحت کے چوکیدار سید فرہاد کے مطابق دروازے پر دستک ہوئی، پھر مسلح چور اندر داخل ہوئے اور مجھے خاموش رہنے کی دھمکی دے کر سارا سامان لے لیا۔
مرکز صحت کے سربراہ شعیب شعبان کا کہنا تھا کہ ”یہاں ہم زچگی، بچوں کے سیکشن، لیبارٹری، ایکسرے اور کان، ناک اور گلے سمیت مختلف شعبوں میں بغیر کسی فیس کے مفت خدمات فراہم کر رہے ہیں۔“ ایک ڈاکٹرواحدہ بیات کا کہناتھا کہ ”ہم روزانہ 50 سے 70 مریضوں کا معائنہ کر رہے تھے، زیادہ تر مریض زچگی کے مسائل سے دوچار خواتین تھیں۔“
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں افغان دارالحکومت کابل میں قتل، اغوا اور ڈکیتی کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں۔