دنیا

3.6 ارب ڈالر کا پل: بنگلہ دیش کی ورلڈ بینک کے خلاف مزاحمت کی علامت

جیوتی ملہوترا

عالمی بینک کی جانب سے 2012ء میں بنگلہ دیش میں دریائے پدما پر پل کی مالی امداد واپس لینے کے تقریباً 10 سال بعد بدعنوانی کے ”معتبر ثبوت“ کا حوالہ دیتے ہوئے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ (ورلڈ)بینک کے صدر کے ساتھ ساتھ اہم اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیا، نوبل انعام یافتہ محمد یونس اور دیگر اہم شخصیات، جنہوں نے تعمیر کی مخالفت کی تھی، 25جون کو اس کے افتتاح کے موقع پر، مدعو کر رہی ہیں۔

یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ تمام اہم لوگ شرکت کریں گے، لیکن حسینہ واضح طور پر کسی اور چیز کی طرف توجہ مبذول کر رہی ہیں۔ وہ یہ کہ بین الاقوامی دباؤ اور ملکی تنقید کے باوجود وہ بنیادی ڈھانچے کا ایک ایسا نمونہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں، جو بنگلہ دیش کے لوگوں کی زندگیوں کو بدل دے گا۔

ان کے اسی عزم پر 2023ء کا الیکشن بھی پلٹ سکتا ہے۔ صرف ”فخر کے پل“ پر ہی نہیں، جس طرح بنگلہ دیشی پدما پروجیکٹ، یا کئی ممالک بشمول بھارت، چین، روس اور جاپان کی مدد سے کیے جانے والے ترقیاتی اقدامات کی بہتات کو بیان کرتے ہیں، بلکہ بنگلہ دیش کو نئے سرے سے ڈیزائن کرنے کے لیے ایک مضبوط عزم کی نمائش جو حسینہ کو پانچویں بار وزیر اعظم بننے کے قابل بنا سکتی ہے۔

پل کی کہانی

عالمی بینک کی طرف سے دستبرداری کے بعد، حکومت نے 3.6 ارب ڈالر کی لاگت سے دو سطحی اسٹیل ٹرس پدما پل کو مکمل طور پر فنڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔ عام لوگوں نے 5 ٹکا (4.2 بھارتی روپے) اور 10 ٹکا (8.4 بھارتی روپے) کی شکل میں اس پل کی تعمیر کے لئے چندہ دیا۔ ایک چینی کمپنی نے ٹھیکہ حاصل کیا اور 2014ء کے آخر میں تعمیر شروع ہوئی۔

’دی پرنٹ‘ سمیت بھارتی صحافیوں کے ایک گروپ کی طرف سے گزشتہ ہفتے پل کی جگہ کا دورہ انجینئرنگ کے ناقابل یقین کمال کو ظاہر کرتا ہے۔ 6.15 کلومیٹر لمبا، کٹے ہوئے پانیوں میں بڑے تنوں کی طرح کھڑے 42 ستونوں پر تعمیر شدہ یہ پل، جس کی اوپری سطح پر 4 لین پر مبنی شاہراہ اور نچلی سطح پر سنگل ریلوے ٹریک ہے، نہ صرف پدما دریا پر بلکہ پورے دریائے گنگا پر کہیں بھی سب سے لمبا پل ہے۔

سب سے اہم بات، اس پل نے نہ صرف حکومت، بلکہ عوام میں بھی یہ جذبہ جگایا کہ وہ کچھ کر سکتے ہیں۔ آئی ایم ایف کے مطابق 2020ء میں بنگلہ دیش کی حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 فیصد تک گر گئی، لیکن 2021ء میں 5 فیصد تک چلی گئی۔ اس کے برعکس 2020ء میں بھارت کے لیے حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 6.6 فیصد تک گر گئی، جو 2021ء میں بڑھ کر 8.9 فیصد ہو گئی۔ تاہم جیسے ہی بنگلہ وبائی مرض سے ابھرا، یہ توقع کی جان لگی کہ 2026ء تک اس کا شمار سب سے کم ترقی پذیر ملکوں (LDC) میں نہیں ہو گا۔ اس کی معاشی حیثیت بہتر ہو جائے گی۔

یقینی طور پر اس نے سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر کی 1971ء میں ملک کے بارے میں توہین آمیز بیان کو غلط ثابت کر دیا ہے۔ کسنجر نے بنگلہ دیش کو ”بن پیندے کی ٹوکری“ قرار دیا تھا۔

آئی ایم ایف کے مطابق بنگلہ دیش کی فی کس جی ڈی پی نے 2020ء میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا، جو ایک قابل ذکر کامیابی ہے، یہاں تک کہ اگربھارتی معیشت 10 گنا بڑی اور اس کی آبادی 06 گنا زیادہ ہے، فی کس آمدنی کے حساب میں دونوں اہم عوامل 2007ء میں بھارت کی فی کس آمدنی کے حساب سے 50 فیصد کے لگ بھگ مسلسل بڑھ رہے تھے، 2014ء میں 70 فیصد اور 2020ء میں یہ بھارت کے برابر ہو گیا۔

پاکستان کے ساتھ موازنہ، جہاں سے وہ 1971ء میں الگ ہوا اور بھی حیران کن ہے، بنگلہ دیش کی فی کس آمدنی آج 37 فیصد زیادہ ہے۔

حیرت انگیز تبدیلی یقینی طور پر نظر آتی ہے۔ گزشتہ ہفتے ڈھاکہ اور بنگلہ دیش کے کچھ حصوں میں سفر کرتے ہوئے، یہ واضح ہے کہ نہ ختم ہونے والی غربت، جسے کسنجر نے ایک بار تفصیلی طور پر بیان کیا تھا، اب موجود نہیں ہے۔ یہ بات صرف دارالحکومت کے چمکدار حصوں کے لیے نہیں، جیسے گلشن، جہاں بین الاقوامی برانڈز جیسے ہواوے، فرضی کیفے اورمیریٹ ہوٹل توجہ کے لیے مقابلہ کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ پرانے شہرکے کاروان بازار میں پراتھم آلو اور دی ڈیلی سٹار کے اخباری دفاتر سے آگے یا ڈھاکہ کے مضافات میں جاترا باڑی کے علاقے میں، جہاں ہزاروں لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہتے ہیں، یہ بالکل کلکتہ کے پرانے حصوں میں پیدل چلنے جیسا ہے۔ اب آپ کو انسانوں کے طور پر دو گنا ہونے والے کمزور اعداد و شمار نظر نہیں آئیں گے۔

بنگلہ دیش کے وزیر اطلاعات حسن محمود نے ہفتے کے آخر میں ڈھاکہ میں آنے والے بھارتی صحافیوں کو بتایا کہ ”پورے ڈھاکہ میں ایک بھی بھکاری نہیں ہے۔“

یہ دعویٰ درست ہے یا نہیں، لیکن یقینی طور پر محمود اپنے ملک کی اقتصادی صلاحیت کے بارے میں پراعتماد ہیں۔ جب بنگلہ دیش آزاد ہوا تو اس نے اپنے لیبر قوانین میں ایک خاص لچک متعارف کرائی، جس نے اسے صنعت کاری کی طرف موڑ دیا اور زراعت پر انحصار کم کیا۔ آج ٹیکسٹائل کی صنعت جی ڈی پی میں 20 فیصد حصہ ڈالتی ہے، یہ بنگلہ دیش کی برآمدات کا 80 فیصد ہے، جب کہ خدمات کا شعبہ دوسرے نمبر پر ہے۔

افرادی قوت میں شامل خواتین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، ایک این جی اواورگورنمنٹ شراکت داری کے ساتھ سماجی و اقتصادی پیرامیٹرز،جیسے شیرخوار بچوں اور زچگی کی شرح اموات، صحت، صفائی اور پینے کے پانی اور تعلیم کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ بھارت کے برعکس یہاں این جی اوز غیر مہذب نہیں ہیں۔

لیکن سیاسی طور پر صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت کی مالک حسینہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ این جی اوز وہ معاشی خوشحالی نہیں دے رہی ہیں، جس کے بنگلہ دیشی خواہشمند ہیں۔ حسینہ واجد یقینی طور پر اقتدار میں اپنی پانچویں ٹرم کے لیے بے مثال کوشش کرنے والی ہیں۔

اس لئے پچھلے 14 سالوں میں انہوں نے اپنی قوم کے دروازے ہر طرح کی امداد کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے لیے بھی کھول دیے ہیں۔ انہوں نے سری لنکا سے سبق سیکھا ہے، جس نے کبھی صرف چین کو راغب کرنے کی کوشش کی تھی۔ بنگلہ دیش نے مختلف ملکوں کو معاہدوں کی فراہمی میں تنوع پیدا کیا ہے۔

پدما پل ایک چینی کمپنی نے تعمیر کیا تھا۔ روپپور نیوکلیئر پاور پلانٹ 12 بلین ڈالر کی لاگت سے روسی تعمیر کر رہے ہیں۔ رامپال میں میتری تھرمل پروجیکٹ بھارت کے ’NTPC‘ کے ساتھ 50:50 کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ ڈھاکہ میٹرو جاپان کی قابل ذکرامداد سے تعمیر کی جا رہی ہے۔ ایک چینی کمپنی چٹاگانگ میں دریائے کرنافولی کے نیچے سرنگ بنا رہی ہے تاکہ ایشین ہائی وے سے منسلک ہو سکے۔ ڈھاکہ کے نئے بنائے گئے ہوائی اڈے کو جاپانی فنڈز فراہم کر رہے ہیں۔ ایک چینی کمپنی پائرا سمندری بندرگاہ کو جزوی طور پر تعمیر کرے گی، جبکہ بلجیم کی ایک کمپنی پائرا میں 75 کلومیٹر طویل چینل کی کھدائی کر رہی ہے۔

توازن کا عمل

اہم بات یہ ہے کہ حسینہ اپنے علاقے میں کھیلی جا رہی جغرافیائی سیاست سے بخوبی واقف ہیں۔ وہ جانتی ہیں کہ چین کے معاشی معجزے سے لالچ میں آنا آسان ہے۔ اس لئے چین بھارت کی بجائے 2015ء میں بنگلہ دیش کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر بن گیا۔ یہ وہ وقت تھا جب چین اور بنگلہ دیش نے چینی صدر شی جن پنگ کے 2016 ء کے دورے کے دوران 13.6 بلین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

2019ء میں حسینہ نے بیجنگ کے اپنے دورے کے فوراً بعد اعلان کیا کہ چین چٹاگانگ اور مونگلا بندرگاہوں کو استعمال کر سکتا ہے۔ ایک چینی ساختہ آبدوز بیس، جس میں دو چینی آبدوزیں ہوں گی، پہلے ہی قریب آ رہی ہے۔ یہ بات مشہور ہے کہ بنگلہ دیشی دفاعی افواج چینی فریگیٹس، لڑاکا طیارے اور ٹینک استعمال کرتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے بعد چینی اسلحے کا دوسرا بڑا خریدار ہے۔

لیکن وزیر اعظم حسینہ یہ بھی جانتی ہیں کہ خلیج بنگال کی غیر متنازعہ ملکہ بننے کیلئے ان کا مقدر جنوبی ایشیا میں ہے چنانچہ رواں اپریل میں انہوں نے بھارت کو چٹاگانگ بندرگاہ کے استعمال کی پیشکش کی، تاکہ بھارتی سامان شمال مشرق میں مطلوبہ استعمال کے لیے بنگلہ دیش کو عبور کر سکے، اس طرح لاگت اور وقت دونوں میں کمی آئے گی۔ پہلا تجرباتی کارگو جولائی 2020ء میں واپس تریپورہ پہنچا تھا۔ صرف پچھلے مارچ میں انہوں نے اور بھارتی وزیر اعظم مودی نے بنگلہ دیش کو تریپورہ سے ملانے والے فینی پل کا عملی طور پر افتتاح کیا تھا۔ ڈھاکہ اب امید کر رہا ہے کہ آنے والے سال میں بھارت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ طے پا جائے گا۔

لیکن مزید کچھ سامنے آنا تھا۔ چینیوں کی طرف سے سونادیا جزیرے پر گہرے سمندر میں بندرگاہ بنانے کا منصوبہ خاموشی سے ختم کر دیا گیا ہے۔ اس کے بجائے، جاپان سونادیا سے 25 کلومیٹر دور ماترباری میں گہرے سمندر کی بندرگاہ تیار کرے گا۔

اب معلوم ہوا ہے کہ حسینہ حکومت ڈھاکہ چٹاگانگ ریلوے کی تعمیر کی چینی تجویز کو منسوخ کر رہی ہے۔ لگتا ہے کہ یہ منصوبہ معاشی طور پر قابل عمل نہیں ہے۔ مزید یہ کہ ڈھاکہ کے بارے میں خیال نہیں کیا جاتا ہے کہ وہ چین کی طرف سے کواڈ میں شامل نہ ہونے (ابھی تک کوئی تجویز نہیں ہے) یا ”بلاک سیاست“ میں حصہ نہ لینے کا لیکچر لیتے ہوئے مہربانی سے کام لے رہا ہے۔

اس لیے جیسا کہ وزیر اعظم حسینہ اپنے علاقے کی مسابقتی جغرافیائی سیاست کے درمیان جوڑ توڑ کر رہی ہیں، تین چیزیں واضح ہیں۔

پہلی یہ کہ بنگلہ دیش آزاد ہونے کے 50 سال بعد ایک معاشی کامیابی کی کہانی میں تبدیل ہوا ہے۔ دوسرا، حسینہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ان کے لوگوں کے دلوں اور دماغوں تک پہنچنے کا راستہ اور 2023ء کے انتخابات میں جیت، اقتصادی خوشحالی سے مضمر ہے اور تیسرا پرجوش بنگلہ دیش کی وزیر اعظم ایک ہم آہنگ اور خوشحال قوم کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے سول سوسائٹی اور میڈیا پر نظر رکھنے کے لیے سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو استعمال کرنے کے خلاف نہیں ہیں۔

بشکریہ: دی پرنٹ، ترجمہ: حارث قدیر

Jyoti Malhotra
+ posts

جیوتی ملہوترا دی پرنٹ میں سینئر کنسلٹنگ ایڈیٹر ہیں۔ مصنفہ گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے ہندوستانی صحافیوں کے ایک گروپ کا حصہ تھیں، جسے بنگلہ دیش حکومت نے اسپانسر کیا تھا۔