خبریں/تبصرے

یوکرین کی صورتحال پر ’فورتھ انٹرنیشنل‘ کے ایگزیکٹو بیورو کا خصوصی بیان

لاہور (جدوجہد رپورٹ) فورتھ انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو بیورو نے یوکرین کی صورتحال پر جاری ایک خصوصی بیان میں روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے جنگ کے خلاف روسی عوام کے احتجاج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں نیٹو کی تحلیل کا مطالبہ کرتے ہوئے مغربی ممالک کی پالیسیوں کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ عالمی مزدور تحریک کی یکجہتی کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

’انٹرنیشنل ویوپوائنٹ‘ پر شائع ہونے والے تفصیلی بیان میں یوکرینی مزاحمت کی بھی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین پر حملہ ایک عظیم روسی شاؤنسٹ اور سامراجی پالیسی کی پیروی کرتا ہے۔ یوکرین پر حملے کا مقصد واضح طو رپر ایک کٹھ پتلی حکومت مسلط کرنا ہے، جو کریملن اور ولادیمیر پیوٹن کے تابع ہو۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹو امریکی سامراج اور اس کے اتحادیوں کا ایک آلہ ہے، جو ابتدا میں سوویت یونین اور کمیونسٹ چین کے خلاف بنایا گیا تھا۔ نیٹو کو وارسا پیکٹ کی تحلیل کے ساتھ ہی تحلیل کیا جانا چاہیے تھا۔ تاہم نہ صرف اسے جاری رکھا گیا بلکہ اس میں توسیع بھی جاری رکھی گئی ہے۔ ہم نیٹو کی تحلیل کا مطالبہ کرتے ہیں، تاہم یہ روسی سامراج کی جانب سے یوکرین کے الحاق کی کوشش سے پیدا ہونے والا سوال نہیں ہے۔ ہم یوکرین کے عوام کے حق خودارادیت اور ملک کی قومی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی حمایت کرتے ہیں۔ روس اور نیٹو ان حقوق کا دفاع نہیں کرینگے۔

بیان میں امریکہ اور روس کی قیادت میں اپنے آبائی ممالک کے باہر تمام فوجی اڈوں کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ روس میں جنگ مخالف تحریک کی حمایت کے ساتھ ساتھ عالمی مزدور تحریک کی یکجہتی کے تقاضے پر زور دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف بین الاقوامی محنت کش طبقہ تمام مظلوم اور استحصال لوگوں کیساتھ مل کر سامراج، سرمایہ داری اور جنگ کے خلاف حقیقی امن سے مزئین ایک بہتر دنیا تشکیل کر سکتا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts