لاہور(جدوجہد رپورٹ)لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کراچی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کراچی (LDFK) غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف صہیونی ریاست اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت اور اس کے سامراجی اتحادیوں خاص کر امریکی سامراج کی فلسطین کی نسل کشی میں مکمل معاونت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ایک ماہ سے زائد عرصے سے، اسرائیل نے محصور اور گنجان آبادی والے اس شہر پر مسلسل اندھا دھند بمباری کی مہم جاری رکھی ہے، جس کے نتیجے میں سیکڑوں شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں بہت سے بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے ہسپتالوں، اسکولوں، پاور پلانٹس اور پانی جیسے بنیادی سہولیات کے اداروں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ اسرائیل نے مزاحمت اور اختلاف کی آوازوں کو خاموش کرنے کی خاطر صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل کی غزہ پر جنگ کوئی اپنے دفاع کے لئے کی جانے والی کارروائی نہیں ہے جیسا کہ وہ جھوٹا دعویٰ کرتا ہے۔ بلکہ یہ نسل کشی کا ایک منصوبہ بند اور منظم عمل ہے جس کا مقصد فلسطینیوں کی قومی شناخت اور وجود کو مٹانا ہے۔ غزہ پر اسرائیل کی جنگ اس کے قبضے اور نسل پرستی کے لئے جاری نوآبادیاتی منصوبے کا حصہ ہے جس نے فلسطینی عوام کو سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ان کے بنیادی حقوق اور وقار سے محروم رکھا ہے۔ غزہ پر اسرائیل کی جنگ بھی تمام عرب ممالک اور مسلم دنیا کے خلاف جنگ ہے اور خطے اور دنیا کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
LDFK فلسطینی عوام کی بہادری اور ثابت قدم مزاحمت کو سلام پیش کرتا ہے خاص طور پر حماس اور پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کی قیادت میں فلسطینی مزاحمتی دھڑوں کی مسلح جدوجہد کو۔ ان دھڑوں نے اسرائیلی جنگی مشین کا مقابلہ کرنے میں غیر معمولی ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور دشمن کو ہر لحاظ سے بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ فلسطینی مزاحمت نے اسرائیلی شہروں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر جدید حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے جس سے صیہونی وجود کی کمزوری بے نقاب ہوئی ہے۔
LDFK کا خیال ہے کہ فلسطینی مزاحمت کوئی دہشت گرد یا انتہا پسندانہ رجحان نہیں ہے، جیسا کہ اسرائیل اور اس کے سامراجی اتحادی خاص کر امریکہ پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ ایک جائز اور ترقی پسند قومی آزادی کی تحریک ہے، جو فلسطینی عوام صیہونیت اور سامراجی قبضے کے خلاف اپنی خود ارادیت اور آزادی کے لیے لڑ رہی ہے۔ یہ بات اب بالکل واضع ہے کہ فلسطینی مزاحمت کوئی فرقہ وارانہ یا مذہبی تحریک نہیں ہے بلکہ سیاسی اور سماجی قوتوں کا ایک وسیع اتحاد ہے جو فلسطینی عوام کے نظریاتی، مذہبی یا نسلی وابستگیوں سے قطع نظر ان کی امنگوں اور مفادات کی نمائندگی کرتا ہے۔
ہم پاکستان اور دنیا کی تمام ترقی پسند اور جمہوری قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام اور ان کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کے لئے کھڑے ہوں اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور محاصرہ ختم کرنے کے لئے ان کے جائز مطالبات کی حمایت کریں۔ ان کے قومی حقوق بشمول پناہ گزینوں کی واپسی کا حق، یروشلم کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد اور خود مختار فلسطین کے قیام، اور صیہونی حکومت اور اس کے نسل پرست اور استعماری ڈھانچے کا خاتمہ۔ ہم اقوامِ متحدہ کی خاموشی کی سختی سے مذمت کرتے ہیں جس نے خاموش رہ کر اسرائیل اور سامراجی قوتوں کا ساتھ دیا۔ ہم پاکستانی حکومت اور عالمی برادری پر بھی زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں اسرائیلی مظالم اور انسانیت کے خلاف جرائم کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کریں اور بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے اسرائیل اور اس کے سامراجی اتحادیوں، خاص کر امریکی سامراج کو جوابدہ ٹھہرائیں۔
فلسطین کی جدوجہد کوئی دور یا غیر ملکی مسئلہ نہیں ہے بلکہ پاکستان میں جمہوریت، سماجی انصاف اور قومی خودمختاری کے لیے ہماری اپنی جدوجہدوں کا ایک اہم اور اٹوٹ حصہ ہے۔ فلسطینی جدوجہد دنیا کے تمام مظلوم اور استحصال زدہ لوگوں کی مشترکہ جدوجہد ہے جنہیں انہی دشمنوں اور استعماریت کا سامنا ہے: سامراجی نظام اور اس کے مقامی ایجنٹ، رجعتی حکومتیں اور قوتیں، اور فاشسٹ اور بنیاد پرست۔ہم پرولتاریہ کی بین الاقوامی اتحاد کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں جس کے تحت دنیا کے تمام مظلوموں کو ایک دوسرے کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھ کر سرمایہ داری اور سامراجی قوتوں خاص کر امریکی سامراج کے خلاف لڑنا چاہئے۔
غزہ میں فلسطینی عوام کی فتح دنیا کے تمام مظلوم اور استحصال زدہ عوام کی فتح ہے اور صیہونی و سامراجی قوتوں اور ان کے اتحادیوں کی شکست ہے۔ غزہ میں فلسطینی عوام نے قومی آزادی کی جنگ کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے اور مظلوموں کی امید بڑھانے اور انسانیت کے مستقبل کے لیے روشن تبدیلی کا ایک نیا افق کھول دیا ہے۔