لاہور(پ ر)بدھ کے روز پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کی جانب سے ایچ آر سی پی لاہور میں فلسطین یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس میں طلبہ اور سیاسی و سماجی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس میں ایچ کے پی کے صدر فاروق طارق، پروفیسر تیمور رحمن، عورت مارچ آرگنائزر لینا غنی، ایڈووکیٹ اسد جمال، طالب علم رہنما سارہ علی، سابقہ طالب علم رہنما علی بہرام گاندھی اور پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کے نائب صدر حماد ملک نے اظہار خیال کیا۔
مقررین نے فلسطین کی تاریخ، وہاں پر جاری حالیہ جبر، فلسطین سے یکجہتی میں جاری بین الاقوامی تحریک، بی ڈی ایس موومنٹ، انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں جاری کیس کے قانونی پہلووں اور پاکستان میں فلسطین سے یکجہتی میں جاری طلبہ تحریک پر تفصیلی گفتگو کی۔
آخر میں پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کے نائب صدر حماد ملک نے کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا۔ جس میں فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی ہم سب کا مقصد ہے۔ہم اس حوالے سے کل پنجاب یونیورسٹی اور پرسو سپیرئیر یونیورسٹی لاہور میں ریلی کر رہے ہیں۔ اور پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹیو ملک بھر میں اس تحریک کو منظم کرے گی۔
یاد رہے پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹیو نے کچھ دن قبل یو ایس قونصلیٹ لاہور کے سامنے بھی فلسطین سے یکجہتی میں احتجاج کیا تھا۔