جدوجہد رپورٹ(لاہور)سول سوسائٹی کی تنظیموں لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن (LEF)، پاکستان کسان رابطہ کمیٹی (PKRC)، کرافٹر فاؤنڈیشن اور ایشیا یورپ پیپلز فورم نے فلسطین اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا۔
احتجاج میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے اقدامات اور رفح پرحملے کی مذمت کی گئی۔ شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ فلسطین پر قبضہ ختم کرو اور فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو۔
پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری فاروق طارق نے کہا کہ سول سوسائٹی کی تنظیمیں اسرائیل کے خلاف اپنی آواز بلند کر رہی ہیں، اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کر رہا ہے، اسرائیلی حکومت اور قیادت کو انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کرنے پر سخت سزا دینی چاہیئے۔
ایشین پیپلز موومنٹ آن ڈیبٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کے کنٹری اسٹاف ضیغم عباس نے کہا کہ مغربی جمہوریتیں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں، دنیا بھر کے لوگوں کو اب یہ احساس ہو گیا ہے کہ فلسطین میں ظلم ہوتا ہے تو انسانی حقوق پر باتیں کرنے والے مغربی ممالک کی زبانیں گونگی ہو جاتی ہیں۔ اسرائیل فلسطین میں جو کچھ کر رہا ہے وہ نسلی کشی کی بدترین شکل ہے۔ ہم فلسطین اور نسل پرستی کے خلاف مزاحمت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایشیا یورپ پیپلز فورم سے تعلق رکھنے والے حسنین جمیل فریدی نے کہا کہ اسرائیلی صہیونی ریاست عالمی عدالت انصاف کے جنگ بندی کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہولوکاسٹ کر رہی ہے۔ عالمی طاقتوں کی خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ سامراجی طاقتیں ان مظالم میں برابر کی شریک ہیں۔ انسانی حقوق کی پاسداری کا دعویٰ کرنے والی ان مغربی ریاستوں کا مکروہ چہرہ پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطین کی آزادی کے لیے ہمیں عالمی سامراج سے لڑنا ہو گا۔
لاہور کا یکجہتی احتجاج ایشین پیپلز موومنٹ آن ڈیبٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے شروع کی گئی عالمی کوششوں کا حصہ تھا۔ انڈونیشیا، بنگلہ دیش اور فلپائن میں بھی اسی طرح کے مظاہرے منظم کیے گئے۔ جہاں سول سوسائٹی کی تنظیموں نے رفح میں اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔