خبریں/تبصرے

فضائی آلودگی سالانہ 15 لاکھ اموات کا سبب

لاہور(جدوجہد رپورٹ)ایک نئی مطالعاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آتشزدگی کی وجہ سے ہونے والے فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں ہر سال15لاکھ اموات ہوتی ہیں، جن میں سے بیشتر پسمانہ ملکوں میں ہوتی ہیں۔

’اے ایف پی‘ کے مطابق مطالعے میں آنے والے برسوں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کے بار بار پیش آنے کا باعث بن رہی ہے اور یہ عمل شدید ہوتا جا رہا ہے۔

آتشزدگی کے ان واقعات میں قدرتی طور پر جنگلوں کو لگنے والی آگ اور کاشتکاری کی زمین پر منصوبہ بندی کے تحت آگ لگانے جیسے واقعات شامل ہیں۔

2000سے 2019کے درمیان دل کی بیماری سے ہونے والی سالانہ ساڑھے4لاکھ اموات آگ سے متعلق فضائی آلودگی سے منسلک تھیں۔ سانس کی بیماری سے مزید 2لاکھ 20ہزار اموات آگ سے ہوا میں پھیلنے والے دھوئیں اور ذرات کو قرار دیا گیا ہے۔

مطالعے کے مطابق دنیا بھر میں مختلف وجوہات سے کل 15لاکھ30ہزار سالانہ اموات زمین پر لگنے والی آگ سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی سے وابستہ تھیں۔

90فیصد سے زائد اموات کم اور درمیانی آمدنی والے ملکوں میں ہوئیں، جن میں سے 40فیصد کے قریب صرف سب صحارا افریقہ میں ہوئیں۔ چین، کانگو، بھارت، انڈونیشیا اور نائیجیریا سب سے زیادہ اموات والے ملکوں میں شامل ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts