لاہور (جدوجہد رپورٹ) بلوم برگ کی جانب سے پیش کئے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایمازن کے مالک جیف بیزوس نے دنیا کا امیر ترین شخص ہونے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ان کی دولت کا تخمینہ 172 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
اس سے قبل اتنی زیادہ دولت کا ریکارڈ بھی ان کا اپنا ہی تھا مگر یہ پچھلے سال ان کی اہلیہ میکنزی سے طلاق سے پہلے کی بات ہے۔ طلاق کی وجہ سے ان کی دولت کا پچیس فیصد حصہ ان کی سابقہ اہلیہ کو ملا جو ایمازن کی کل مالیت کا چار فیصد تھا۔ میکنزی بھی اس وقت دنیا کی بارہویں امیر ترین شخص ہیں۔
کرونا بحران کے دوران ایمازن کے کاروبار اور سٹاک مارکیٹ میں اس کے شیئرز میں 56 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جیف بیزوس کے پاس ایمازن کے 57 ملین شیئرز ہیں۔