خبریں/تبصرے

لال خان کو زبردست خراج تحسین: جدوجہد ویبینار 3 ہزار افراد نے دیکھا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ہفتے کے روز روزنامہ جدوجہد کے زیر اہتمام ”ڈاکٹر لال خان: یادیں، نظریات اور جدوجہد“ کے موضوع پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا جسے روزنامہ جدوجہد کے فیس بک پر دو ہزار لوگوں نے لائیو دیکھا جب کہ گذشتہ شام تک اس ویبینار کے ویوز کی تعداد تین ہزار سے اوپر جا چکی تھی۔

ویبینار سے خطاب کرنے والوں میں فورتھ انٹرنیشنل کے رہنما اور ”یوروپین سالیڈیریٹی ود آؤٹ بارڈرز“ کے بانی پیرے روزے (فرانس)، محمد یوسف تاریگامی، ڈاکٹر فرزانہ باری، صدف گوندل، قمرالزماں اور ڈاکٹر عمار علی جان شامل تھے۔ فاروق طارق اس ویبینار کے ماڈریٹر تھے۔ ویبینار کے دوران لال خان کے بہت سے دوستوں نے ان کے بارے میں اپنی یاداشتیں بھی دہرائیں۔

بائیں بازو کے رہنما، دانشور اور روزنامہ جدوجہد کے ادارتی بورڈ کے بانی رکن ڈاکٹر لال خان 21 فروری 2020ء کو لاہور میں وفات پا گئے تھے۔ وہ درجنوں انقلابی کتابوں کے مصنف تھے اور باقاعدگی سے طبقاتی جدوجہد، روزنامہ دنیا اور دیگر میڈیا میں کالم لکھتے تھے۔ وہ ”ایشین مارکسسٹ ریویو“ کے بھی مدیر تھے۔ وہ ملک اورملک سے باہر ہزاروں سیاسی کارکنوں کے لئے فکری استاد کا درجہ رکھتے تھے۔ 1980ء میں انہوں نے ایمسٹرڈیم میں جدوجہد گروپ کی بنیاد رکھی تھی۔ وہ ایک مارکسسٹ تھے اور پاکستان اور دنیا بھر میں ایک مارکسسٹ انقلاب کے داعی تھے۔

اس ویبینار کی کاروائی جدوجہد کے فیس بک پیج پر دیکھی جا سکتی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts