خبریں/تبصرے

نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا مرکزی کنونشن 9 اکتوبر کو مظفر آباد میں منعقد کرنے کا اعلان

راولاکوٹ (پ ر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) نے اکیسواں مرکزی کنونشن 09 اکتوبر 2021ء کو مظفر آباد کے مقام پر منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کی مرکزی کابینہ اور سنٹرل کمیٹی کے مشترکہ اجلاس منعقدہ راولاکوٹ میں کیا گیا۔

اس اجلاس کی صدارت مرکزی صدر ابرار لطیف نے کی جبکہ اجلاس میں سیکرٹری جنرل باسط ارشاد باغی، سابق سیکرٹری جنرل خلیل بابر، چیف آرگنائزر تیمور سلیم، چیئرمین مالیاتی بورڈ ارسلان شانی، چیئرمین شعبہ نشر و اشاعت شفقت رحیم داد، چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب خان، چیئرمین ضلع پونچھ سبحان عبدالمالک، مجیب اکبر، وقار خان، عثمان عزیز، عمر خان، مجیب خان، شاہ ذیب خان، بدر رفیق اور دیگر درجنوں رہنماؤں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ابرار لطیف نے کہا کہ ”جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا مرکزی کنونشن دو مرتبہ بھرپور تیاریوں کے بعد کورونا وباء کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا۔ 9 اکتوبر کو جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا کنونشن منعقد کرتے ہوئے نئی نوجوان قیادت کا انتخاب کیا جائے گا، یہ کنونشن اس خطے کی سیاست اور جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ اس سلسلے میں ریاست گیر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، کنونشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں تمام تر اضلاع اور بیرون ریاست تنظیم سازی اور رکنیت سازی کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ہزاروں نوجوانوں کے قافلے 9 اکتوبر کو مظفرآباد میں جمع ہونگے، جہاں احتجاجی ریلی اور جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اس خطے سے محکومی، غربت، بیروزگاری، لا علاجی، جہالت اور سرمایہ دارانہ استحصال کے خلاف انقلابی سوشلزم کے نظریات کی بنیاد پر جدوجہد منظم کرنے والی واحد تنظیم ہے۔ این ایس ایف نے ہر دور میں ظلم اور جبر کے خلاف علم بغاوت بلند کیا ہے اور اس خطے میں ایک حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کیا ہے۔ ہم جے کے این ایس ایف کی اس میراث کو نئی نسل میں منتقل کرنے کیلئے پر عزم ہیں اور اس خطے سے ہر طرح کے استحصال اور محرومی کے خاتمے اور ایک طبقات سے پاک منصفانہ معاشرے کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts