لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان میں فریکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کے مطابق پیر کو کابل سے روانہ ہونے والے امریکی فوجی طیارے سی 17 کے ٹائروں کے ساتھ لٹک کر جانے کی کوشش میں فضا سے گر کے ہلاک ہونے والے 3 افراد میں سے ایک نوجوان افغان فٹ بالر تھا۔
’دی کرنٹ‘ کے مطابق ذکی انواری کی امریکی فوجی طیاری سے گرنے کے بعد موت کی تصدیق افغان نیشنل فٹ بال ٹیم کے فیس بک پیج سے کی گئی ہے، بعد ازاں گزشتہ روز سپورٹس ڈائریکٹوریٹ نے بھی اس کی تصدیق کی۔
ذکی انواری ان ہزاروں افغانوں میں سے تھے جو طالبان کے کابل پر قبضہ کرنے کے بعد ملک سے باہر جانے کی امید پر پیر کو حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آئے تھے۔ یاد رہے کہ امریکی فوجی طیارے سی 17 نے جب اڑان بھرنے کی کوشش کی تو سیکڑوں افغان رن وے پر طیارے کے ساتھ دوڑنا شروع ہو گئے اور طیارے کے ٹائروں اور دیگر بیرونی حصوں کوتھام کر لٹکنے کی کوشش کرتے رہے۔ طیارے کے اڑان بھرنے کے بعد 3 افراد ہوا کے دباؤ کی وجہ سے طیارے سے نیچے گر گئے جبکہ قطر پہنچنے پر طیارے کے ٹائروں سے انسانی اعضا بھی برآمد ہوئے جس سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ کچھ لوگ طیارے کے ٹائروں کی جگہ پر بھی پھنس گئے تھے جو ایک المناک موت کا شکار ہوئے۔