خبریں/تبصرے

”بریگیڈئر بلا نے بینظیر، زرداری کی ویڈیوز بنائیں“

لاہور (جدوجہد رپورٹ) معروف صحافی عمر چیمہ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی کی ایک انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ اور موجودہ سیاسی رہنما نے 2003ء میں ن لیگ کوٹکٹ کے بدلے عمران خان کی قابل اعتراض ویڈیوز فراہم کرنے کی آفر کی، جسے رد کر دیا گیا۔

یہ بات انہوں نے اپنے ’یو ٹیوب چینل‘ پرمعروف صحافی اعزاز سید سے گفتگو کرتے ہوئے کی، تاہم باوجود اصرار کے انہوں نے مذکورہ شخصیت کا نام لینے سے اجتناب کیا۔

اس گفتگو کے دوران اعزاز سید اور عمر چیمہ نے سیاسی و سماجی شخصیات کی نجی ویڈیوز بنانے اور گفتگو ریکارڈ کرنے کے عمل کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے یہ بتایا کہ ماضی میں سیاسی شخصیات، حکومتی عہدیداران، اعلیٰ عدلیہ کے ججوں اور دیگر ذمہ دار عہدوں پر فائز لوگوں کی ویڈیوز بنانے اور آڈیو ریکارڈنگ کا سلسلہ چلتا رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر (ر) امتیاز المعروف بریگیڈیئر بلا نے خود اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ویڈیوز اور ریکارڈنگ کی ہوئی تھی۔ بینظیر بھٹو کی ریکارڈنگز بھی کی جاتی رہی ہیں۔ اسی طرح جب آصف علی زرداری صدر پاکستان تھے، اس وقت بھی ان کی ریکارڈنگ کی گئی، یہ اعتراف ایک سابق انٹیلی جنس افسر نے کیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ اسی طرح جج ارشد ملک بھی ایک قابل اعتراض ویڈیو کی بنیاد پر بلیک میل ہوتے رہے اور ان سے بہت سے فیصلے کروائے گئے۔ ان کے اس بابت اعتراف بھی ایک ویڈیو میں موجود ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts