لاہور (جدوجہد رپورٹ) معروف ایرانی اداکارہ ترانے علیدوستی نے حکومت مخالف مظاہروں سے اظہار یکجہتی کیلئے سکارف کے بغیر اپنی ایک تصویر انسٹا گرام پر پوسٹ کی ہے۔
’بی بی سی‘ کے مطابق ترانے آسکر ایوارڈ یافتہ فلم دی سیلز مین میں اپنے کردار کیلئے مشہور ہیں۔ انہوں نے اپنی تصویر میں کرد زبان میں ’عورت، زندگی، آزادی‘ کی تحریر پر مبنی ایک نشان رکھا ہوا تھا۔ یہ نعرہ مظاہرین کا مقبول عام نعرہ بن چکا ہے۔
ایران میں پولیس حراست میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہرے ساتویں ہفتے میں داخل ہو چکے ہیں۔
ترانے ایران کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں اور انسٹا گرام پر ان کے 80لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ انہوں نے سیلز مین میں اداکاری کی، اس فلم نے2016ء میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کا اکیڈمی ایوارڈ جیتا تھا۔
وہ اس سے قبل کسی بھی قیمت پر ایران کے اندر رہنے کا عزم کر چکی ہیں اور مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کی مدد کیلئے اپنا کیریئربھی ترک کر چکی ہیں۔
ایران میں اب تک کم از کم 328افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 14800کو حراست میں لیا گیا ہے۔