خبریں/تبصرے

کینیڈا سے امریکہ جاتے ہوئے 2 بچوں سمیت 8 تارکین وطن ہلاک

لاہور (جدوجہد رپورٹ) جمعہ کے روز 2 بچوں سمیت 8 افراد کینیڈا اور امریکہ کی سرحد کے قریب ایک دلدل میں مردہ پائے گئے۔ یہ افراد غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ’ڈان‘ کے مطابق حکام نے اطلاع دی کہ ان کی لاشیں ایک کشتی کے قریب سے ملی ہیں، جو الٹ گئی تھی۔ کشتی کا تعلق اکویسانے موہاک کمیونٹی کے ایک لاپتہ شخص سے ہے۔

پولیس کے مطابق اب تک پانی سے کل 8 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ہلاک ہونے والے تارکین وطن کا تعلق دو خاندانوں سے تھا، ایک رومانیہ کی نسل سے تعلق رکھتا تھا اوردوسرا ہندوستانی نسل سے تعلق رکھتا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک تین سال سے کم عمر کا بچہ بھی شامل تھا۔

جمعے کی پریس کانفرنس میں مزید دو لوگوں کی اطلاع دی گئی، جن میں ایک شیر خوار رومانیہ نسل کا کینیڈین بچہ اور ایک بالغ خاتون شامل تھی۔ خاتون کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ بھارتی شہری ہے۔ کینیڈین حکام کا خیال ہے کہ تمام افراد کینیڈا سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

موہاک قبائلی علاقہ کینیڈا کے صوبوں کیوبیک اور اونٹاریو سے امریکی ریاست نیویارک تک پھیلا ہوا ہے۔ حالیہ مہینوں میں کینیڈا سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دو دیگر افراد بھی سرحد کے قریب مردہ پائے گئے ہیں۔

دونوں حکومتوں نے غیر قانونی نقل مکانی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایک معاہدہ بھی کیا ہے۔ مذکورہ معاہدہ کے مطابق بغیر دستاویزات کے پناہ کے متلاشیوں کو امریکہ سے واپس کینیڈیا بھیج دیا جائے گا، جبکہ کینیڈا بیک وقت قانونی داخلے کے راستے کو بڑھائے گا۔

میکسیکو امریکہ کی سرحد پر بھی اسی منصوبے کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہے، جس وجہ سے تارکین وطن کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے اس منصوبہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts