خبریں/تبصرے

لاہور: صاف پانی کیلئے سینکڑوں مظاہرین کا دھرنا، ڈی سی آفس کا گھیراؤ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) حقوقِ خلق پارٹی کی جانب سے لاہور میں صاف پانی کی فراہمی کے مطالبے پر ڈی سی آفس لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین ناصر باغ کے سامنے اکٹھے ہوئے اور وہاں سے ریلی کی صورت میں نعرہ بازی کرتے ڈپٹی کمشنر کے دفتر سامنے پہنچے۔

مظاہرین جب ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچے تو گیٹ بند کر دیئے گئے۔ مظاہرین گیٹ کھول کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے پہنچ گئے۔ احتجاجی مظاہرے میں صاف پانی سے محروم علاقوں چونگی امر سدھو، قینچی، کوٹ لکھپت، ستارہ کالونی، وارڈ 7، محمد آباد، ہمدانی پارک سے سینکڑوں مظاہرین نے شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں میں گندہ اور سیوریج کا ملا ہوا پانی آتا ہے۔ گندے پانی کی وجہ سے بچے بوڑھے جوان بہت سی بیماریوں کا شکار ہیں۔ محمد آباد مست اقبال روڈ سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں صاف تو دور، پانی آتا ہی نہیں۔ کنٹونمنٹ کی جانب سے صرف ایک یا دو گھنٹے پانی دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے خواتین اور بچے روزے کی حالت میں دور سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں۔

اس موقع پر خواتین گھروں سے پانی کی بوتلیں بھی بھر کر لائیں جبکہ حقوقِ خلق پارٹی کی جانب سے گندے پانی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چونگی کا پانی لاہور کا سب سے آلودہ پانی ہے جو نہ صرف پینے بلکہ نہانے کے بھی قابل نہیں ہے۔ اسی گندے پانی کی وجہ سے علاقے کے 37 فیصد لوگ جلد اور پیٹ کی بیماریوں کا شکار ہیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حقوقِ خلق پارٹی کے رہنما عمار علی جان کا کہنا تھا کہ کہ افسوس کا مقام ہے کہ عام لوگ صاف پانی پینے سے محروم ہیں جبکہ حکومت اور انتظامیہ سیاسی لڑائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی اللہ کی رحمت تھی جسے زحمت بنا دیا گیا ہے اور ہماری ٹیم کی رپورٹ کے مطابق ان علاقوں کا سیوریج زدہ پانی زہر بن چکا ہے جس کی وجہ سے یہ علاقے بیماریوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔

مظاہرین نے صاف پانی کے مطالبات پر زبردست نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبات پورے ہونے تک ڈی سی دفتر میں ہی دھرنا دے دیا اور دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات نہ سنے گئے تو وہ مرکزی شاہراہ بند کر دیں گے، بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مظاہرین کے پاس پہنچے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاھد احمد کاٹھیا نے مظاہرین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انکے مطالبات بالکل جائز ہیں۔ صاف کا مسئلہ بہت اہم ہے۔ انہوں نے مظاہرین کی ایک کمیٹی کی واسا کے ڈائریکٹر سے ملاقات کروائی۔ واسا کے ڈائریکٹر نے یقین دہانی کروائی کہ چونگی امر سدھو، قینچی، عوامی کالونی، ستارہ کالونی، بابا فرید کالونی، محمد آباد اور دیگر تمام علاقوں کے پانی کے مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ واسا کی ٹیم تمام علاقوں کا دورہ کرے گی اور صاف پانی کی فراہمی کے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

مظاہرین سے خطاب کرنے والوں میں ڈاکٹر عالیہ حیدر، حیدر بٹ ایڈووکیٹ، بابا محمد لطیف اور فاروق طارق بھی شامل تھے۔ مظاہرین بعدازاں پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts