خبریں/تبصرے

نیا خیبر پختونخواہ: یونیورسٹیوں میں یکساں نصاب تعلیم لاگو

لاہور (فاروق سلہریا) ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) خیبر پختونخواہ نے صوبے بھر کی یونیورسٹیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ یکساں نظام تعلیم لاگو کریں۔ انتظامات کے لئے دو ہفتے کی حد مقرر کی گئی ہے۔

ایچ ای ڈی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تما م جامعات میں اسٹڈی سکیم، نصابی مواد کی تفصیلات،کریڈٹ آورز اورامتحانی طریقہ کار مختلف ہیں۔

یکساں نصاب تعلیم کے لئے نصابی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو لیکچر پلان، لیکچر کے موضوعات،امتحانی نظام اور ایسے دیگر امور کو یکساں بنانے کے لئے کام کریں گی۔

حکم نامے میں اسلامیات اور مطالعہ پاکستان کو بالخصوص پاکستانی حالات سے مطابقت دینے پر زور دیا گیا ہے۔

’روزنامہ جدوجہد‘ سے بات کرتے ہوئے ایک یونیورسٹی پروفیسر نے،جو اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتے، کہا کہ یکساں نصاب تعلیم کے نام پر اکیڈیمک آزادیوں پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچسان اور خیبر پختونخواہ کی جامعات ایک طرح سے وہ لیبارٹریاں ہیں جہاں ابتدائی تجربات کے بعد ان تجربات کو باقی ملک میں دہرانے یا نہ دہرانے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts