خبریں/تبصرے

انتفادہ جموں کشمیر کنونشن 5 اکتوبر کو راولاکوٹ میں منعقد کرنے کا اعلان

مظفرآباد(پ ر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا مرکزی ”انتفادہ جموں کشمیر کنونشن“ 5 اکتوبر 2024 کو راولاکوٹ میں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر پانچ اکتوبر کو راولاکوٹ میں طلبہ مارچ کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں ”انتفادہ جموں کشمیر کنونشن“ و جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ اعلان جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر خلیل بابر نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی سینئر نائب صدر عدنان خان، مرکزی نائب صدر راجہ نصیر، ایڈیٹر عزم بدر رفیق، سیکرٹری اطلاعات راجہ حسنین، چیئرمین ضلع مظفرآباد اذان علی، چیئرمین ضلع پونچھ مجیب خان، جنرل سیکرٹری مظفرآباد مفید عباسی، سابق سینئر نائب صدر مروت راٹھور، عابد اعوان وائس چیئرمین ضلع مظفرآباد، سمیر عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔

مرکزی صدر خلیل بابر کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اندرون و بیرون ریاست مرکزی کنونشن کی تیاریوں کےلئے سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز کر رہی ہے۔ تمام تعلیمی اداروں میں ممبرشپ مہم کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں میں کیمپس لگائے جائیں گے اور رابطہ مہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تعلیم کا نظام انحطاط کا شکار ہے اور تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کےلئے طلبہ مارچ کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جموں کشمیر میں قومی اور طبقاتی محرومیوں اور استحصال کے خلاف این ایس ایف کی طویل جدوجہد ہے۔
انتفادہ جموں کشمیر کنونشن اس خطے کی انقلابی سیاست میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ جموں کشمیر کے محنت کشوں نے طویل جدوجہد کے بعد بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کروائی ہے۔ تاہم مسائل کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے، جس کےلئے ابھی طویل جدوجہد کی ضرورت ہے۔

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اس خطے کے وسائل پر عوامی اجارے کے حصول، حق حکمرانی اور آئینی و سیاسی حقوق کی بازیابی کےلئے جدوجہد کو سائنسی خطوط پر آگے بڑھا رہی ہے۔

سامراجیت اور سرمائے کی حاکمیت کی ہر شکل کے خاتمے تک ہم اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے۔

انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مرکزی کنونشن اور طلبہ مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts