کراچی (ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ) مورخہ 9 جنوری 2020ء کو ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ (RSF) اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF)کے زیر اہتمام پینوراما سینٹر سے کراچی پریس کلب تک بھارتی نوجوانوں اور محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مختلف کالج اور یونیورسٹیوں کے طلبہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بھارتی نوجوان اور محنت کش‘ مودی سرکار کے نافذ کردہ ’CAA‘ اور ’NRC‘ کی آئینی شقوں کے خلاف برسرپیکار ہیں جن کی پاداش میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور جامیہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ کو بدترین ریاستی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
کراچی میں آر ایس ایف اور این ایس ایف کے طلبہ نے اس بربریت کے خلاف بھرپور ریلی نکالی اور کراچی کی شاہراہ ’انقلاب زندہ باد‘، ’ایشیا سُرخ ہے‘ اور ’بھارتی نوجونواں کی جدوجہد کو سُرخ سلام‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی میں شرکا نے یکجہتی کے نعروں پر مبنی پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کااختتام کراچی پریس کلب پر ہوا جہاں کراچی کے آرایس ایف کے آرگنائزر حاتم لُنڈ نے تقریر کی اور سرحدوں کے اطراف ہونے والی طلبہ کی سرکشیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔