فاروق سلہریا
بدھ کے روز معروف امریکی چینل اے بی سی نیوز نے اپنے سینئر رپورٹر ڈیوڈ رائٹ کو سوشلسٹ ہونے کی وجہ سے معطل کر دیا۔
اے بی سی نیوز نے یہ اقدام ایک ایسی ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اٹھایا ہے جس میں ڈیوڈ رائٹ ٹرمپ کے حوالے سے کی جانے والی کوریج کے علاوہ عمومی سیاسی کوریج اور حالیہ انتخابی مہم کی کوریج پر تنقید کرتے سنائی دیتے ہیں۔ یہ ویڈیو دائیں بازو کے ایک تھنک ٹینک پراجیکٹ ویریٹاس (Project Varitas) نے جاری کی ہے۔
ویڈیو میں ڈیوڈ رائٹ یہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ”مجھے بہت برا محسوس ہو رہا ہے۔ سچ کا نقصان ہو رہا ہے۔ لوگوں کو نا کافی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں“۔
جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ ہیں (جس سے مراد ہے سوشل ڈیموکریٹ ہونا) تو ڈیوڈ رائٹ کہتے ہیں میں اس سے بھی زیادہ ہوں، میں ایک سوشلسٹ ہوں (مراد انقلابی سوشلسٹ)۔
اے بی سی نیوز کا موقف ہے کہ ڈیوڈ رائٹ کو اس لئے نکالا گیا ہے کہ بطور سوشلسٹ وہ غیر جانبدار کوریج نہیں کر سکتے۔ اے بی سی کے مطابق ”کوئی بھی عمل جس سے غیر جانبداری یا حقائق کی درستگی بارے شک پیدا ہوتا ہو، اس سے اے بی سی اور اس کے عملے کی شہرت کو نقصان پہنچتا ہے“۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر رپورٹر سوشلسٹ ہو تو غیرجانبداری کو نقصان پہنچتا ہے۔ اگر رپورٹر نیو لبرل، رائٹ ونگ، ری پبلکن پارٹی کا حامی، نسل پرست، مذہبی جنونی یا اس قسم کے دیگر عوام دشمن نظریات رکھتا ہو تو غیر جانبداری متاثر نہیں ہوتی۔
ہر صحافی کا کوئی سیاسی نظریہ اور سوچ ہوتی ہے۔ اکثر مین اسٹریم میڈیا ہاوسز میں دائیں بازو کے نظریات رکھنے والے لوگوں کو نوکری ملتی ہے۔ بائیں بازو کی سوچ کے ساتھ مین اسٹریم میں جگہ بنانا خاصا مشکل کام ہے۔ اگر کبھی کوئی اپنے لئے جگہ بنا لے تو اس پر مسلسل یہ تنقید ہوتی ہے کہ وہ غیر جانبدار نہیں رہا۔ ڈیوڈ رائٹ کے واقعے نے ایک مرتبہ پھر سرمایہ دار میڈیا کو پوری طرح بے نقاب کر کے رکھ دیا ہے جو غیر جانبداری کے نام پر مسلسل اپنے طبقے کا پراپیگنڈہ کر رہا ہوتا ہے۔
Farooq Sulehria
فاروق سلہریا روزنامہ جدوجہد کے شریک مدیر ہیں۔ گذشتہ پچیس سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ ماضی میں روزنامہ دی نیوز، دی نیشن، دی فرنٹئیر پوسٹ اور روزنامہ پاکستان میں کام کرنے کے علاوہ ہفت روزہ مزدور جدوجہد اور ویو پوائنٹ (آن لائن) کے مدیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔