لاہور (جدوجہد رپورٹ) لاطینی امریکہ کے بائیں بازوں کے مقبول ترین رہنما اور بولیویا کے سابق صدر ایوا مورالس ارجنٹائن میں جلاوطنی کے ایک سال بعد بدھ کے روز اپنے آبائی وطن بولیویا پہنچیں گے۔
وہ ”گریٹ پاپولر کارواں“ کی صورت میں گیارہ سو کلومیٹر کا زمینی سفر طے کرتے ہوئے ولازون بارڈر کراسنگ سے گزریں گے۔ اس دوران وہ پوٹوسی، اورورو اور کوکابامبا کے ذریعے سفر کریں گے۔
اس سفر میں ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈس بھی انکے ہمراہ ہونگے۔ بدھ کے روز یہ کاررواں کوکابامبا کے چیمور ہوائی اڈے پر پہنچے گا۔
بولیویا میں ٹیلی سور کے نمائندی فریڈی مورالس نے اپنے ادارے کو بتایا کہ ایوا مورالس اتوار کے روز ارجنٹائن کے شہر جوجوئی پہنچے، جہاں سے وہ زمین کے راستے لاکویاکا روانہ ہوئے۔ جہاں سے پیر کی صبح انہوں نے بین الاقوامی پل لاکوئیکا ولازون پل عبور کیا۔
اپنے آبائی وطن روانگی کے موقع پر ایوا مورالس نے ٹویٹ کیا کہ آج میری زندگی کا ایک اہم دن ہے۔ اپنے وطن جس سے میں بہت پیار کرتا ہوں، کی طرف واپس لوٹنا مجھے خوشی سے سرشار کر رہا ہے۔ اتوار کے روز ارجنٹائن سے روانگی سے قبل انہوں نے کہا کہ میرے دل کا ایک حصہ ارجنٹائن میں ہمیشہ رہتا ہے۔ اپنی الوداعی گفتگو میں ایوا مورالس نے میکسیکو، ارجنٹائن، پیراگوئے اور کیوبا کے صدور کا نومبر 2019ء کی بغاوت کے بعد انکی جان بچانے پرشکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ایوا مورالس کو گزشتہ سال نومبر میں انتخابات میں کامیابی کے باوجود ریاستی بغاوت کے ذریعے انہیں اقتدار سے محروم کر دیا گیا تھا اور انہیں جلاوطن کر دیا گیا تھا۔