خبریں/تبصرے

وینزویلا: پارلیمانی انتخابات حکمران سوشلسٹ پارٹی نے جیت لئے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) وینزویلا کے پارلیمانی انتخابات مکمل ہو گئے ہیں۔ حکومتی اتحاد جی پی پی نے حزب اختلاف کو شکست دیکر نئی قومی اسمبلی تشکیل دے دی ہے جو جنوری 2021ء سے قانون سازی کرے گی۔ وینزویلا کی پارلیمان میں 277 نشستیں ہیں۔ انتخابات کو تین سو سے زائد بین الاقوامی مبصرین کی طرف سے تسلیم شدہ اور امن و امان کی حیثیت سے مثالی قرار دیا ہے جبکہ امریکہ کی جانب سے انتخابات میں دھوکہ دہی کے دعوے کئے گئے ہیں جنہیں وینزویلا کی حکومت نے مسترد کر دیا ہے۔

وینزویلا کی قومی انتخابی کونسل کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق حکومتی اتحاد جی پی پی نے 67.6 ووٹ حاصل کئے جبکہ حزب اختلاف کے اتحاد ڈیموکریٹک الائنس کو 17.5 فیصد اور یونائیٹڈ وینزویلا کو 4.19 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ کل ستاسی اضلاع میں انتخابات کیلئے پولنگ ہوئی ہے اور ٹرن آؤٹ 31 فیصد رہا ہے۔

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے انتخابات میں جیت کو جمہوریت کی عظیم فتح قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”یہ جمہوریت کی عظیم فتح ہے کیونکہ آئندہ پانچ سالوں کیلئے نئی قومی اسمبلی قانون سازی کریگی۔ پانچ سال قبل ہم نے اپنی شکست تسلیم کی تھی اور بات چیت کا مطالبہ کیا تھا۔“

انہوں نے کہا کہ ”پانچ سال بعد اپوزیشن کے ہر حربے کے باوجود عوامی ووٹ کے نتیجے میں ہمارے پاس ایک نئی اسمبلی ہے اور لوگوں کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ہماری معیشت کو خودمختاری، آزادی اور امن کے ساتھ بحال کرنے کیلئے کام کرنے کا ایک سلسلہ ہونا چاہیے۔ عوام نے ووٹ کے ذریعے بولیوارین انقلاب کی توثیق کی ہے۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts