خبریں/تبصرے

25 ممالک کی 82 تنظیموں کا بھارتی کسانوں سے اظہار یکجہتی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) دنیا بھر کے 25 ملکوں کی 82 سے زائد تنظیموں، سول سوسائٹی گروپوں اور سماجی تحریکوں کے نمائندگان نے بھارتی کسانوں کی تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پیغامات بھیجے ہیں۔ نیشنل الائنس آف پیپلز موومنٹ (این اے پی ایم) کی جانب سے اظہار یکجہتی کے پیغامات بھیجنے والے افراد اور گروہوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

این اے پی ایم کی جانب سے اپنی ویب سائٹ میں جاری کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ آج بھارت میں کسانوں اور مزدوروں کی تحریک عروج پر ہے۔ یہ تحریک صرف تین زرعی قوانین تک محدود نہیں ہے بلکہ اس نے ان کسانوں کیلئے مساوات اور انصاف کے معاملے کو اجاگر کیا ہے جو طویل عرصہ سے بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔

عالمی تنظیموں اور سول سوسائٹی گروپوں نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ کسانوں کیساتھ بات کریں اور کسان مخالف قوانین کو منسوخ کریں۔ ہم انصاف آزادی اور خود مختاری کیلئے کسانوں کی ہڑتال میں کسانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

یکجہتی کے پیغامات بھیجنے والی تنظیموں میں آسٹریلیا، فرانس، بلجیم، ایکواڈور، کینیڈا، امریکہ، بنگلہ دیش، سویڈن، ہالینڈ، ارجنٹینا، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، کینیا، جرمنی، فن لینڈ، زمبابوے، ہانگ کانگ، کولمبیا، فلپائن، سری لنکا، نیوزی لینڈ، پاکستان، میانمار سمیت دیگر ممالک کی تنظیمیں، گروپ اور افراد شامل ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts