خبریں/تبصرے

نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک کی گاڑی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی

لاہور (نامہ نگار) نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک کی گاڑی کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی جس کی وجہ سے گاڑی مکمل طو رپر جل کر خاکستر ہو گئی جبکہ ایوب ملک کے مکان کو بھی آتشزدگی کی وجہ سے نقصان پہنچا۔

یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا جب ایوب ملک کے آبائی گاؤں تلہ گنگ میں واقع ان کے مکان کے اندر کھڑی گاڑی پر نامعلوم افراد نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

ایوب ملک نے ’روزنامہ جدوجہد‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے اس لئے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس واقعے کے پیچھے کون ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی اس واقعے میں ملوث ہے وہ صرف اور صرف ہمیں نقصان پہنچانا چاہتا ہے، ڈرانا اور دھمکانا چاہتا ہے کیونکہ انہوں نے کوئی بھی چیز چوری نہیں کی۔

انکا کہنا تھا کہ ’ہم پر امن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ آئین کی بالادستی، جمہوریت کی مضبوطی اور سویلین سپر میسی کے قیام کیلئے پر امن سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں۔ کاروباری مخاصمت بھی کسی کے ساتھ نہیں ہے۔ اس سے قبل اس علاقے میں اس طرح کا کوئی واقعہ بھی پیش نہیں آیا۔ البتہ گزشتہ کچھ عرصے سے میرے چھوٹے بھائی کی بلاک فیکٹری میں اسی طرح کا نقصان پہنچانے کا عمل تواتر کے ساتھ ہو رہا ہے۔ ایک مرتبہ رات کے وقت تمام تیار شدہ بلاک توڑ دیئے گئے، ایک مرتبہ مشینری کو نقصان پہنچایا گیا اوراس طرح کے دیگربھی کئی واقعات ہو چکے ہیں۔ اب یہ واقعہ ہوا ہے جس میں خوش قسمتی سے مکان آتشزدگی سے محفوظ رہا، تاہم گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پولیس نے مقدمہ درج کرنے میں لیت و لعل سے کام لیا، لیکن مقدمہ درج ہو گیا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘

ادھر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ٹویٹر پیغام میں ایچ آر سی پی کا کہنا تھا کہ ’ایچ آر سی پی نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر، کالم نگار اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن ایوب ملک کی گاڑی اور گھر پر آتشزدگی کے حملے کی مذمت کرتا ہے۔ یہ حملہ چکوال کے گاؤں تلہ گنگ میں ہوا اور ایوب ملک کی گاڑی جل گئی اور ان کے گھر کو نقصان پہنچا۔ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پورے گاؤں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے والے شرپسندوں کی نشاندہی اور ان کی گرفتاری کیلئے فوری کاررائی کی جائے۔‘

ایوب ملک روزنامہ جنگ کے علاوہ ’روزنامہ جدوجہد‘ میں بھی کالم نویسی کرتے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts