لاہور (جدوجہد رپورٹ) لاہور کے ترقیاتی ادارے، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے انفورسمنٹ ونگ سمیت نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی کمان ریٹائرڈ آرمی افسران کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق بریگیڈیئر (ر) خالد لطیف کو کو نگراں چیئرمین نادرا تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ادھر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی گورننگ باڈی نے انفورسمنٹ ونگ کی بحالی کی تجویز کو منظور کر لیا ہے۔ جمعرات کے روز منظور کی گئی اس تجویز کے تحت اتھارٹی نے انفورسمنٹ فورس میں ریٹائرڈ فوجی افسران کو ڈائریکٹوریٹ میں کلیدی آسامیوں کیلئے بھرتی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (شہری منصوبہ بندی) کے انتظامی کنٹرول میں کام کرتا ہے۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق تجویز میں کہا گیا ہے کہ ”انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی کی حفاظت کرنے کے علاوہ انسداد تجاوزات آپریشن کریگا۔ لینڈ مافیا اور تجاوزات سے ایل ڈی اے کی قیمتی اراضی اور املاک کو تحفظ دینے کیلئے فوج کے ریٹائرڈ افسران یا اہلکاروں پر مشتمل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ قائم کرنا ایک بہترین اقدام ہوگا۔ لہٰذا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی مکمل اصلاح پر غور کیا جانا چاہیے تاکہ غیر قانونی سکیموں کے ذریعے سے ایل ڈی اے کو پہنچنے والے نقصان سے تحفظ کیا جا سکے۔“
تجویز میں مزید کہا گیا ہے کہ ”انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے کے دو شعبوں میں تقسیم کیا جانا چاہیے، جن میں سے ہر ایک شعبہ کا ڈپٹی ڈائریکٹر ہو گا، ہر شعبے میں دو مختلف زون شامل ہونگے جنکی نگرانی ایک ایک انفورسمنٹ آفیسر کرے گا۔ تین زونل انسپکٹر ہر انفورسمنٹ آفیسر کو رپورٹ کرینگے، مکمل فیلڈ رفورس ڈائریکٹر انفورسمنٹ کے اختیارات میں ہوگی اور اسے دو ٹیموں یعنی ٹیم 1 اور ٹیم 2 میں تقسیم کیا جائیگا۔ شہری ترقیاتی ونگ کے ہاؤسنگ اور ٹاؤن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات وغیرہ کی نشاندہی کرینگے اور ڈائریکٹوریٹ پراجیکٹ کی وضاحت کے مطابق عملدرآمد کرینگے۔“
تجویز کے مطابق ”محکمہ انتخاب/پروموشن کمیٹی، جو ڈی جی ایل ڈی اے کو بطور سربراہ کمیٹی 19 ویں گریڈ تک تقرریوں کا اختیار دیتی ہے، کو بھی ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدوں پر خدمات حاصل کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔ کمیٹی کو کسی بھی مناسب ممبر کا انتخاب کرنے کا بھی اختیار دیا جا سکتا ہے۔“
ڈان کے مطابق اس تجویز سے پتہ چلتا ہے کہ ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ اور یو ڈی ونگ شہر میں تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات وغیرہ کی نشاندہی کرنے کے پابند ہونگے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کلائنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ہدایت پر عمل کریگا۔ نیز انفورسمنٹ میں تعینات عملے کو فیلڈ ڈیوٹی کے علاوہ کسی اور جگہ تعینات نہیں کیا جائیگا۔