خبریں/تبصرے

عالمی ماحولیاتی بحران پر قابو پانے کیلئے 2050ء تک 8.1 ٹریلین ڈالر کی ضرورت

لاہور (جدوجہد رپورٹ) عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں، حیاتیاتی تنوع کے نقصانات اور زمین کی تباہ کاریوں کو روکنے کیلئے 2050ء تک 8.1 ٹریلین امریکی ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ یہ انکشاف اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) نے ’اسٹیٹ آف فنانس فار نیچر‘(ایس ایف این) کی ایک رپورٹ میں ہوا ہے۔

ٹیلی سور کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت سے 2050ء کے درمیان سالانہ سرمایہ کاری کیلئے 536 ارب ڈالر کی ضرورت ہے تاکہ 4.1ٹریلین ڈالر کے فنانسنگ گیپ کو پورا کیا جا سکے جو مطلوبہ نتائج کو حاصل کرنے میں مدد فراہم کر سکے۔

یو این ای پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینگر اینڈرسن نے کہا کہ ”اگر ہم فطرت پر مبنی حل کیلئے مالی اعانت فراہم نہیں کرتے تو تعلیم، صحت اور روزگار جیسے دیگر اہم شعبوں میں ترقی کرنے کیلئے ممالک کی صلاحیتوں کو متاثر کرینگے۔

انکا کہنا تھا کہ ”صرف حیاتیاتی تنوع میں کمی عالمی معیشت کو اس کی سالانہ پیداوار کے 10فیصد تک نقصان کا باعث بنتی ہے۔ حکومتوں اور صنعتوں کو ماحولیاتی نظام کی بحالی میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، جس سے انسانی صحت، فوڈ سکیورٹی اور مشترکہ خوشحالی کا حصول ممکن ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts