لاہور (جدوجہد رپورٹ) پنجاب کے ضلع بہاولپور میں سابق اولمپین سمیع اللہ خان کے مجسمے کو دوبارہ اصل حالت میں بحال کر دیا گیا۔ عالمی شہرت یافتہ اولمپین سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چرانے کا معاملہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر سامنے آیا تھا، جس پرصارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
اولمپین کا مجسمہ ایک ماہ قبل بہالپور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں نصب کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مجسمے کی گیند تین روز قبل چوری ہوئی جبکہ دو روز قبل ہاکی کو بھی غائب کر دیا گیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور میڈیا پر معاملہ اجاگر ہونے کے بعد ایک شہری نے پولیس کو درخواست دی جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جبکہ مجسمے کو اصل حاصل میں بحال بھی کر دیا گیا ہے۔ جلد واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نامور ہاکی کھلاڑی سمیع اللہ خان 6 ستمبر 1951ء کو بہالپور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1976ء کے مانٹریال اولپکس سے 1982ء تک منعقد ہونے والے عالمی ہاکی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہیں فلائنگ ہارس کے نام سے پکارا جاتا تھا۔ سمیع اللہ خان کو حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔