حارث قدیر
پاکستان میں کالعدم قرار دی گئی مذہبی جماعت ’تحریک لبیک پاکستان‘ پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں 93 ہزار سے زائد ووٹ لیکر پانچویں بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
گزشتہ 25 سال سے انتخابی سیاست کا حصہ رہنے والی اور انتہائی منظم کہلانے والی ’جماعت اسلامی‘ کے 30 امیدوار مل کر 24 ہزار ووٹ حاصل کر پائے ہیں۔ جماعت اسلامی کے صرف 7 امیدوار 1 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر پائے جبکہ 13 امیدوار 500 ووٹ بھی حاصل نہیں کر سکے۔
تحریک لبیک پاکستان کے 6 امیدواروں نے 4 ہزار سے زائد، 2 امیدواروں نے 5 ہزار سے زائد جبکہ 01 امیدوار نے 7 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے۔
مولانا فضل الرحمان کی جمعیت علما اسلام 8 امیدوار ہی نامزد کر سکی اور ان امیدواروں نے مجموعی طور پر 6500 سے زائد ووٹ حاصل کئے۔ جمعیت علما اسلام کے اس خطے میں اہم رہنما مولانا سعید یوسف نے جماعت کے ٹکٹ کی بجائے آزادحیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا اور 15770 ووٹ حاصل کئے۔
پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے انتخابات میں مجموعی طور پر 5 مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی تھیں، دیگر مذہبی جماعتوں نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر رکھا تھا۔
پاکستان میں کالعدم قرار دی گئی تحریک لبیک پاکستان نے سب سے زیادہ 40 امیدواران نامزد کئے اور 93734 ووٹ حاصل کئے۔ مہاجرین جموں کشمیر کے حلقوں میں تحریک لبیک پاکستان کے انتخابی کیمپ بھی پولیس کی جانب سے اکھاڑے گئے اورکالعدم تنظیم کو آزادانہ انتخابی مہم کی اجازت نہیں ملی۔ تاہم پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے 33 حلقوں میں تحریک لبیک نے آزادانہ طور پر بھرپور انتخابی مہم چلائی۔
مذہبی دہشت گرد تنظیم ’جماعۃ الدعوۃ‘کو کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد حال ہی میں ’حافظ سعید گروپ‘ نے ’جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ‘ کے نام سے سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کروائی اور انتخابات میں حصہ لیا۔ اس جماعت نے مجموعی طور پر 19 امیدواران نامزد کئے تھے، جنہوں نے مجموعی طور پر 5442 ووٹ حاصل کئے۔ اس جماعت کے 2 امیدوار مہاجرین جموں کشمیر کے حلقوں سے 1 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، باقی کوئی بھی امیدوار 500 ووٹ بھی حاصل نہیں کر پایا۔
پاکستان اور اسکے زیر انتظام جموں کشمیر میں کالعدم قرار دی گئی شدت پسند تنظیم ’سپاہ صحابہ‘ کا نام تبدیل کر کے ’راہ حق پارٹی‘ کے نام سے سیاسی جماعت پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کروائی گئی ہے۔ اس جماعت نے مجموعی طور پر دوسرے عام انتخابات میں حصہ لیا ہے اور کل 7 امیدواران میدان میں اتارے تھے، جو مجموعی طور پر 737 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو پائے ہیں۔
اس طرح پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں انتخابات میں حصہ لینے والی 5 مذہبی سیاسی جماعتوں کے 104 امیدواران مجموعی طور پر 1 لاکھ 30 ہزار 258 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ تاہم حیرت انگیز طور پر پہلی مرتبہ انتخابات میں حصہ لینے والی ’کالعدم تحریک لبیک پاکستان‘ 93 ہزار 734 ووٹ لیکر سب سے آگے رہی ہے، باقی چاروں مذہبی جماعتیں مل کر بھی ’کالعدم تحریک لبیک پاکستان‘ سے آدھے ووٹ بھی حاصل نہیں کر پائی ہیں۔