خبریں/تبصرے

شیخ رشید کے دباؤ پر جیو نے صحافی ارشاد قریشی کو نکال دیا

 لاہور (جدوجہد رپورٹ) معروف صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ نیوز چینل جیو نے اپنے خبر نگار ارشاد قریشی کو وزیر داخلہ شیخ رشید کے دباو پر نوکری سے برخاست کر دیا ہے۔

وہ گذشتہ روز اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت پی ایف یوجے کے مرکزی جنرل سیکرٹری ناصر زیدی کر رہے تھے۔

حامد میر نے دعویٰ کیا کہ شیخ رشید ایک پریس کانفرنس میں ارشاد قریشی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر ناراض ہو گئے جس کے بعد انہوں نے فون پر جیو انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ارشاد قریشی یا تو معافی مانگیں، بصورت دیگر ان کو برطرف کیا جائے۔

اس مظاہرے میں ارشاد قریشی بھی شریک تھے۔ انہوں نے حامد میر کی اس بات کی تائید کی۔ حامد میر نے مزید دعویٰ کیا کہ ارشاد  قریشی نے معافی مانگنے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے وہ نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

حامد میر نے کہا وہ خود اور ارشاد قریشی ناصر زیدی کے پیروکار ہیں اور اپنی جدوجہد کے لئے وہ نوکریوں سے ہاتھ دھوتے رہیں گے۔ یاد رہے، دو ماہ قبل جیو نے حامد میر پر بھی پابندی لگا دی تھی۔ روزنامہ جنگ میں ان کے کالم پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts