لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان میں طالبان کے اقتدار کے ایک ماہ کے اندر اندر 20 افغان صوبوں میں کام کرنے والے 130 نجی ٹی وی چینل بند ہو چکے ہیں۔
افغان صحافی انیس الرحمان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایک ماہ سے بھی کم عرصہ میں 20 صوبوں میں 130 ٹی وی چینل بند ہو چکے ہیں۔
افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد میڈیا پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کابل کے علاوہ دیگر صوبوں میں ٹی وی چینلوں کی بندش کی خبریں پہلے دنوں سے ہی آ رہی ہیں جبکہ خواتین صحافیوں کی ایک بڑی تعداد یا تو گھروں میں بیٹھ گئی ہے یا پھر افغانستان سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
طالبان کی طرف سے میڈیا کو آزادی سے کام کرنے دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اقتدار پر قبضہ مستحکم ہونے کے ساتھ ہی مختلف مقامات پر صحافیوں کو گرفتار کرنے اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات معمول بن چکی ہیں۔
گزشتہ روز بھی قندھار میں احتجاج کی کوریج کرنے کے دوران ایک صحافی کو طالبان کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔