لاہور (جدوجہد رپورٹ) صدارتی محل میں حکومت تشکیل دینے کے مسئلے پر ابھرنے والے اختلافات کے دوران ملا برادر کو گولی مارنے کے حوالے سے معروف امریکی ویب سائٹ بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ مجوزہ اجلاس میں گولی ہی نہیں چلی، ملا برادر پر خلیل الرحمن حقانی نے مکوں کی برسات بھی کر دی۔
الطاف نجف زادے کی تحریر کی ہوئی اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ارگ (صدارتی محل) میں نئی کابینہ کی تشکیل کے لئے طالبان کا اجلاس ہوا جس میں ملا برادر کا اصرار تھا کہ ایک ایسی حکومت بنائی جائے جس میں غیر پشتون اقوام کی بھی نمائندگی ہو اور غیر طالبان حلقے بھی شامل ہوں کیونکہ دوحہ معاہدے کا یہی تقاضہ تھا اور ایسی حکومت کو دنیا آسانی سے قبول کر سکتی تھی۔
حقانی نیٹ ورک اس رائے سے متفق نہ تھا لہٰذا اجلاس کے دوران خلیل الرحمن حقانی اٹھے اور ملا برادر پر مکوں کی برسات کر دی۔ اس کے بعد دونوں اطراف سے باڈی گارڈز نے گولیاں چلانی شروع کر دیں۔
رپورٹ میں واضح نہیں کیا گیا کہ ملا برادر زخمی ہوئے یا نہیں۔ واضح رہے گذشتہ کئی دنوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ملا برادر طالبان کی آپسی لڑائی میں زخمی یا ہلاک ہو گئے ہیں۔ دو دن قبل، ملا برادر کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں ان افواہوں کی تردید کی گئی۔