خبریں/تبصرے

پرتگال انتخابات: سروے پولز میں سوشلسٹوں کو واضح برتری حاصل

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پرتگال کے حکمران سوشلسٹوں کو انتخابات سے دو ہفتے قبل ہونے والے ایک سروے میں واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔ سروے پولز کے نتائج کے بعد سوشلسٹ حکمرانوں اور اپوزیشن پارٹی سوشل ڈیموکریٹس کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق سروے پولز میں وزیر اعظم انتونیو کوسٹا کی سوشلسٹ پارٹی کو 38.1 فیصد ووٹ ملے ہیں، جبکہ ایک ماہ قبل ہونے والے سروے پولز میں سوشلسٹ پارٹی کو 35.4 فیصد ووٹ ملے تھے۔

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو اس سروے میں 28.2 فیصد ووٹ ملے ہیں، جبکہ گزشتہ سروے پولز میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو 28.5 فیصد ووٹ ملا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں وزیر اعظم انتونیو کوسٹا کے دو سابق اتحادیوں کمیونسٹ اور بائیں بازو کے بلاک نے حکومتی بجٹ بل کو مسترد کرنے کیلئے دائیں بازو کی جماعتوں کا ساتھ دیا تھا، جس کے بعد انتونیو کوسٹا کی حکومت نے اکثریت کھو دی تھی اور 30 جنوری کو قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہوئی۔

انتخابات میں اگر سوشلسٹ پارٹی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوتی ہے تو انہیں قانون سازی کیلئے ایک یا زیادہ جماعتوں کی حمایت کی ضرورت ہو گی۔

سروے پولز میں بائیں بازو کے بلاک اور کمیونسٹوں کو بالترتیب 7.4 فیصد اور 4.8 فیصد حمایت ملی ہے۔ تاہم گزشتہ ہفتے ایک بحث میں انتونیو کوسٹا نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اب بائیں بازو کے سابق اتحادیوں کے ساتھ دوبارہ اتحاد ممکن نہیں رہا ہے۔ تاہم انہوں نے اشارہ دیا کہ پیپلز، انیملز، نیچر پارٹی سے حمایت حاصل کر سکتے ہیں، جنہیں سروے پولز میں 2.1 فیصد ووٹ ملا ہے۔

واضح رہے کہ سروے پولز میں انتہائی دائیں بازو کی پارٹی چیگا ملک کی تیسری بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے، اس پارٹی کو 9 فیصد ووٹ ملا ہے، تاہم دسمبر میں ہونے والے سروے میں اس پارٹی کو 6.2 فیصد ووٹ ملا تھا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts