خبریں/تبصرے

’سوشلسٹ اپیل‘ کے 2 مضامین شیئر کرنے پر یونین کی صدر کو برطانوی لیبر پارٹی سے نکال دیا گیا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) برطانیہ کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین ’یونیسن‘ کی صدر آندریا ایگن کو لیبر پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ وہ جون 2022ء میں یونین کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے ذریعے یونیسن کی صدر منتخب ہوئی تھیں۔

’نو وارا میڈیا‘ کے مطابق لیبر پارٹی کی تنازعات سے نپٹنے والی ٹیم کی طرف سے 15 نومبر کو آندریا ایگن کو بھیجے گئے خط کے مطابق این ای سی نے کہا کہ ایگن کی طرف سے پارٹی کے اندر موجود ایک مارکسی گروپ ’سوشلسٹ اپیل‘ کے دو مضامین سوشل میڈیا پرشیئر کرنا ان کی رکنیت کے خاتمے کی وجہ ہے۔

20 جولائی 2021ء کو لیبر پارٹی کی این ای سی نے سوشلسٹ اپیل کو روکنے کیلئے ووٹ دیا تھا اور لیبر پارٹی کے ترجمان نے کہا تھا کہ ’یہ تنظیمیں لیبر پارٹی کے قوانین یا ہمارے مقاصد اور اقدار سے مطابقت نہیں رکھتی ہیں۔‘

لیبر پارٹی کی طرف سے سوشلسٹ اپیل پر سرکاری پابندی سے قبل 16 جولائی کو پہلا موقع تھا جب ایگن نے سوشلسٹ اپیل کا مضمون شیئر کیا۔ یہ مضمون سوشلسٹ اپیل پر ممکنہ پابندی سے متعلق تھا اور ایگن نے اس مضمون کو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’اگلا کون ہو گا۔‘

ایگن کی طرف سے شیئر کیا گیا دوسرا مضمون براہ راست یونیسن اور یونین کی این ای سی میں ایگن کے انتخاب سے متعلق تھا، جس کا عنوان تھا کہ’یونیسن: بائیں بازو کے کارکن یونین کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کا آغاز کرتے ہیں۔‘

جون 2022ء میں صدر بننے سے پہلے ایگن یونیسن کی بولٹن لوکل گورنمنٹ برانچ کی برانچ سیکرٹری تھیں، جنہوں نے 30 سال سے زائد عرصہ تک مقامی حکومت میں کام کیا۔ ایگن نے 2008ء میں دو بولٹن سیکنڈری سکولوں کی اکیڈمی کے خلاف یونین کی پہلی صنعتی کارروائی کی قیادت کی۔

یونیسن کے جنرل سیکرٹری کے برعکس صدر کو اراکین کے ذریعے ووٹ نہیں دیا جاتا، بلکہ یونین کے این ای سی کے ذریعے ایک سال کی مدت کیلئے صدر کیلئے ووٹ دیا جاتا ہے۔ صدر این ای سی کے اجلاسوں کی صدارت کرتا ہے اور یونین کا سب سے سینئر اعزازی عہدیدار ہوتا ہے۔

پارٹی سے برطرفی کے بعد اب ایگن پارٹی کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتیں، یا پارٹی کی رکنیت سے وابستہ کسی قسم کے حقوق کا استعمال بھی نہیں کر سکیں گی۔

ایگن کی رکنیت کی برطرفی پارٹی میں دھڑے بندی کے خدشات کے درمیان سامنے آئی ہے۔ بائیں بازوں کے ممکنہ لیبر امیدواروں بشمول موریس میکلوڈ اور ایما ڈینٹ کوڈ کو پارٹی بیوروکریسی نے پارلیمانی انتخاب کیلئے کھڑے ہونے سے روک دیا ہے۔

ایگن کی پارٹی سے بے دخلی موسم گرما میں ٹریڈ یونین تحریک اور لیبر پارٹی کے درمیان تناؤ کے بعد ہوئی ہے۔ ایگن اپنی یونین کے تعاون سے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی امید کر رہی ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ’اگر لیبر پارٹی محنت کش طبقے کے لوگوں کیلئے لڑنے میں اتنی سنجیدہ ہے تو وہ محنت کش طبقے کے لوگوں سے کیوں لڑ رہی ہے؟“

Roznama Jeddojehad
+ posts