خبریں/تبصرے

7 واں فیض فیسٹیول 17 تا 19 فروری، فیض امن میلہ 12 فروری کوہو گا

لاہور (جدوجہدرپورٹ) 7 واں فیض فیسٹیول 17، 18، 19 فروری کو الحمرا ہال لاہورمیں منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ فیض امن میلہ 12 فروری کو دوپہر 1 بجے سے 8 بجے تک کاسمو کلب باغ جناح لاہورمیں منعقد کیا جائے گا۔

فیض امن میلہ کے آرگنائزر فاروق طارق کے مطابق 12 فروری کو فیض امن میلہ میں مختلف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے، مشاعرہ منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر کے درجن بھر شعرہ اپنا کلام پیش کرینگے، ترنجن تھیٹربھی پیش کیا جائے گا۔ میلے میں ریڈیکل کتابوں کے سٹال بھی لگائے جائیں گے اور میلے کے شرکاء سے بشریٰ گوہر، احمد رافع عالم، ڈاکٹر عمار علی جان، امتیاز عالم، فاروق طارق، خورشید احمد، ڈاکٹر اشرف نظامی، سلیمہ ہاشمی سمیت دیگر خطاب کرینگے۔

چیئرپرسن فیض فاؤنڈیشن ٹرسٹ سلیمہ ہاشمی کے مطابق 7 واں تین روزہ فیض فیسٹیول الحمرا ہال لاہور میں 17 فروری سے شروع ہو گا اور بلاتعطل تین روز تک جاری رہے گا۔

انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ فیض فیسٹیول میں ضرور آئیے، بہت سی تقریبات ہونگی۔ مشاعرہ ہوگا، کتابوں کی رونمائی ہوگی، بحث مباحثے، فیض کا کلام، موسیقی سمیت ہر قسم کی تقریبات اہتمام کیا گیا ہے۔ بچوں کی دلچسپی کے بھی پروگرامات رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ فیملی کے ہمراہ آئیں اور تین روزہ فیض فیسٹیول سے لطف اندوز ہوں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts