لاہور (جدوجہد رپورٹ) آسٹریلیا کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل کے خلاف بندرگاہوں پر احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے آسٹریلیا کی ہائی کورٹ سے بھی رجوع کرتے ہوئے آسٹریلیا کی جانب سے ہتھیاروں کی خفیہ تجارت کی وضاحت کرنے کی اپیل کی ہے۔
’الجزیرہ‘ کے مطابق آسٹریلیا کے پاس دنیا کا سب سے خفیہ اور احتساب سے مبرا ہتھیاروں کی برآمد کا نظام ہے۔ فلسطینی اور آسٹریلوی انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے پیر کے روز آسٹریلیا کی ہائی کورٹ میں دائر کی گئی پٹیشن میں اس خفیہ نظام کو سامنے لانے کی اپیل کی گئی ہے۔
؎آسٹریلیا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، جو اس وقت سامنے آیا ہے، جب فلسطین کے حامی آسٹریلوی شہری اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل کے خلاف احتجاج کرنے کی تحریک میں شامل ہو رہے ہیں۔
ہفتہ کے روز سڈنی کے پورٹ بوٹنی پر احتجاج کیا گیا۔ بدھ کے روز میلبورن کی بندرگاہ پر اسی طرح کے احتجاج کے دوران کارکنان اسرائیلی شپنگ کمپنی زیم کے لئے سامان لے جانے والے ٹرکوں کے سامنے لیٹ گئے۔
تاہم اس بات کا تعین کرنا کافی مشکل ہے کہ آسٹریلیا سے بھیجی گئی شپمنٹ میں واقعی ہتھیار ہی شامل ہیں یا نہیں۔
سینیٹ کے رکن شوبرج نے ہفتے کو سینٹ میں کہا کہ ہماری حکومت ہمیں یہ نہیں بتاتی کہ ہم ہتھیار کس کو برآمد کر رہے ہیں۔ ہمیں نہیں بتایا جاتا کہ ہتھیار کیا ہیں اور ہتھیاروں کی فروخت سے کس کو فائدہ ہوتا ہے۔ اس طرح کی معلومات آسٹریلیا میں امریکہ سمیت دیگر ملکوں کے مقابلے میں بہت کم دستیاب ہیں۔
محکمہ دفاع کے مطابق آسٹریلیا نے 2017سے اب تک اسرائیل کو 350دفاعی برآمدی اجازت نامے جاری کئے ہیں۔ جن میں صرف رواں سال کے 52اجازت نامے شامل ہیں۔ یہ معلومات بھی سینیٹ کی سماعت کے دوران سوالات کے بعد ہی عوامی طور پر دستیاب کی گئی ہیں۔
سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق آسٹریلیا 2022میں عالمی سطح پر بڑے ہتھیاروں کا 15واں سب سے بڑا برآمد کنندہ تھا۔
بدھ کو میلبورن کی بندرگاہ پر احتجاج کرنے والے آسٹریلوی مظاہرین نے ٹرکوں کو روکا، جن میں اسرائیلی شپنگ کمپنی زیم کیلئے سامان لے جانے والے ٹرک بھی شامل تھے۔
اسی طرح کے احتجاجی مظاہرے امریکہ کے پورٹ آف ٹاکوما اور بلجیم کے ایئرپورٹ کے کارکنان کی جانب سے بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کو فوجی کھیپ ہینڈل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
سڈنی میں احتجاج کے منتظمین کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی جنگی مشین میں زیم کا کردار انتھک رہا ہے۔