لاہور (فاروق سلہریا)سی این این کے مطابق چارلز ڈارون کے گھر میں کارل مارکس کی کتاب ’سرمایہ‘ کی اُس کاپی کو نمائش کے لئے پیش کیا جا رہا ہے جو 1873 میں مارکس نے ڈارون کو تحفے میں بھیجی۔
اس کتاب کے سر ورق چارلز ڈارون کے نام موجود کارل مارکس کا پیغام مندرجہ ذیل عکس میں دیکھا جا سکتا ہے:
مارکس نے لکھا:”چارلز ڈارون کے نام۔ ان کے ایک دلی مداح کی جانب سے“۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس کتاب کو چارلز ڈارون نے پوری طرح نہیں پڑھا کیونکہ کچھ صفحے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ممکن ہے اسی بات کو سنسنی خیز انداز میں پیش کرنے کے لئے سی این این کو یہ خبر دینے کی سوجھی۔
ڈارون نے کتاب وصول ہونے پر شکریہ کا جو نوٹ مارکس کو لکھا، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ڈارون نے یہ کتاب کیوں نہیں پڑھی۔ ڈارون نے لکھا:’سرمایہ‘ پر آپ نے اپنی سابدار تحریر ارسال کی جو میرے لئے ایک اعزاز ہے۔ میں ایمانداری سے سمجھتا ہوں کہ میں اس تحفے کے لائق نہ تھا کہ میں سیاسی معیشیت بارے زیادہ نہیں جانتا۔
ڈارون نے مزید لکھا:”گو ہماری تحقیق ایک دوسرے سے میل نہیں کھاتی مگر ہم دونوں سنجیدگی سے یہ چاہتے ہیں کہ علم میں اضافہ ہو کہ طویل المدتی بنیاد پر یہ اضافہ انسانیت کی خوشی میں اضافے کا باعث بنے گا“۔