لاہور(جدوجہد رپورٹ) آر ٹی آئی کے تحت دائر کی گئی ایک درخواست میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں واقع ایک سرکاری ویر بہادر سنگھ پوروانچل یونیورسٹی میں امتحان کے پرچے میں جے شری رام اور کرکٹ کھلاڑیوں کے نام لکھنے والے فارمیسی کے کم از کم 4طالبعلموں کو 50فیصد نمبر دیئے گئے ہیں۔
’دی وائر‘ کے مطابق جونپور کی ایک یونیورسٹی میں ڈپلومیسی ان فارما کورس کے چار طالبعلموں کو سوالوں کے جواب نہ دینے کے باوجود نمبر ملے۔
تاہم ہندوستان ٹائمز نے بتایا کہ ایسے طالبعلموں کی تعداد18سے زائد ہو سکتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق مذہبی نعروں اور گاؤں کے بول سے مزئین پرچوں پر طالبعلموں کو نمبر دینے کے الزام میں یونیورسٹی کے دو پروفیسر ونے ورما اور منیش گپتا کو معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ درخواست یونیورسٹی کے سابق طالبعلم دیویا نشوسنگھ نے دائر کی تھی۔ انہوں نے طالبعلموں کو دیئے گئے نمبروں پر سوال اٹھایا اور وزیراعظم، یوپی کے وزیر اعلیٰ، گورنر اور وائس چانسلر کو خط لکھ کر الزام لگایا کہ ایک طالبعلم جس کو صفر ملنا چاہیے تھا، اس نے یونیورسٹی حکام کے ساتھ ملی بھگت سے امتحان میں 60فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کئے۔