لاہور (جدوجہد رپورٹ) صحافی سید عمران شفقت نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا نے ایک تقریب میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو صفائیاں دینے پر انہوں نے بھی مبینہ طور پر سینیٹر سے مناسب رویہ اختیار نہیں کیا۔
یہ دعویٰ انہوں نے اپنے ایک وی لاگ میں کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جنرل ندیم رضا لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کیلئے مدعو تھے۔ اس تقریب میں جامعات کے سربراہان، سیاسی شخصیات کے علاوہ فوجی افسران بھی شریک تھے۔
پی ٹی آئی کے لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک سینیٹر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سے ہاتھ ملانے کیلئے آگے بڑھے۔ تاہم چیئرمین جوائنٹ چیفس نے ان سے ہاتھ نہیں ملایا اور ان کے طرز عمل کا شکوہ کر کے آگے بڑھ گئے۔
مذکورہ سینیٹر نے تقریب کے دوسرے سیشن میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوالات کے سیشن میں گفتگو کرنے اور صفائیاں دینے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے بھی کوئی مناسب رویہ نہیں اپنایا۔