خبریں/تبصرے

راولپنڈی میں کارکنان گرفتار: مقبول بٹ شہید ہو کر بھی ریاستی اعصاب پر سوار

لاہور (جدوجہد رپورٹ) نیشنل پریس کلب راولپنڈی کیمپس آفس کے باہرسے قوم پرست طلبہ تنظیم کے کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ جموں کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے یہ کارکنان پریس کلب کے باہر شہید کشمیر مقبول بٹ شہید کے یوم شہادت کے سلسلہ میں پروگرام کا انعقاد کرنا چاہتے تھے۔

اطلاعات کے مطابق جمعہ کی سہ پہر کو فرحان جاوید، نوید، اعزاز یونس اور دیگر کارکنان کو راولپنڈی سٹی تھانہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ طالبعلم رہنماؤں کو پریس کلب کے سامنے کشمیری طلبہ کے احتجاج پر پابندی کی خلاف ورزی کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ایک قوم پرست دھڑے کو ایک تقریب کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سوشلسٹ دھڑے کے کارکنوں کو ٹریڈ یونینوں کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے فوری بعد گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں ملک دشمن قرار دینے کے علاوہ یہ ہدایت بھی کی گئی تھی کہ وہ مہنگائی کے خلاف بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر جا کر احتجاج کریں۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے راولپنڈی کیمپ آفس کی انچارج نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والی طلبہ تنظیموں کے پروگرامات اداروں اور انتظامیہ کی اجازت سے مشروط کر رکھے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ طلبہ تنظیمیں مبینہ طور پر ریاست مخالف نعرے بازی کرتی ہیں، جس کی وجہ سے پریس کلب کے عہدیداران مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts