لاہور (جدوجہد رپورٹ) آئی ایم ایف کی سامراجی پالیسیوں، مہنگائی، نجکاری اور دیگر ملازم دشمن پالیسیوں کے خلاف آج 16 مارچ کو پاکستان اور اس کے زیر انتظام علاقوں کے ہزاروں محنت کش پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کریں گے۔
یہ احتجاجی مارچ دن 11 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے شروع ہوگا اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جلسہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس مارچ میں شرکت کیلئے راولپنڈی اسلام آباد میں کام کرنے والے مختلف شعبہ جات کے ملازمین کے علاوہ دیگر صوبوں، پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر اور دیگر علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں سرکاری و نجی شعبوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی۔
یہ احتجاجی مارچ آل پاکستان ایمپلائزپنشنرزلیبر تحریک کی کال پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ پاکستان بھر میں احتجاجی مارچ میں شرکت کیلئے بھرپور تیاریاں اور رابطہ مہم چلائی گئی ہے۔