خبریں/تبصرے

ملالہ یوسفزئی کی خود نوشت جلد آ رہی ہے!

(جدوجہد رپورٹ) پاکستان کی نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی آج کل اپنی خود نوشت لکھنے کے آخر ی مراحل میں ہیں۔ کہا جاتا ہے کی ان کی نئی تصنیف ذاتی مشاہدات پر مشتمل ان کی زندگی کے واقعات بیان کرے گی جو اب تک منظر عام پر نہیں آئے ہیں۔

کتاب کے ناثرا یٹریا بُکس (Atria Books) کے ایک بیان کے مطابق تصنیف کے عنوان اور تاریخ اجرا کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ان کی پہلی کتاب ”میں ملالہ ہوں“ 2013ء میں شائع ہو کر خاصی پذیرائی حاصل کر چکی ہے جس کی تقریباً ایک ملین کتابیں بک چکی ہیں۔

اپنی نئی کتاب کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ”گزشتہ چند برسوں کے دوران پر مسرت اور مشکل تجربات نے میری زندگی کو یکسر بدل دیا ہے۔ یہ کتاب میرے ذاتی واقعات پر مشتمل ہے اور مجھے امید ہے کہ قاری اس سے امید، انفرادی پہچان اور فکر انگیز زاویوں کا ادراک حاصل کریں گے۔“

ملالہ 2012ء میں طالبان کے ایک قاتلانہ حملے میں وادی سوات میں زخمی ہوگئی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے برطانیہ منتقل ہو کر اپنی تعلیم مکمل کی۔ انہوں نے سترہ سال کی عمر میں نوبل انعام حاصل کیا اور آکسفورڈ یونیوسٹی سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایک ہم وطن عصر ملک سے شادی کی جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے مینیجر ہیں۔ وہ دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم کے لئے سماجی کارکن کے طور پر جانی جاتی ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts