خبریں/تبصرے

ٹاک شوز میں ’دنیا ٹی وی‘ پر پی ٹی آئی، جبکہ ’جیو‘ پر مسلم لیگ ن کا غلبہ: گیلپ

لاہور(جدوجہد رپورٹ) گیلپ پاکستان نے ٹی وی ٹاک شوز کے مواد کا تجزیہ جاری کیا ہے۔ دسمبر2023کے دوران بڑے نجی ٹی وی چینلوں کے 10پروگراموں کے تجزیہ کے مطابق دنیا ٹی وی پر پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ نمائندگی دی گئی، جبکہ جیو نیوز پر مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ نمائندگی دی گئی ہے۔

تجزیہ کے مطابق زیر بحث موضوعات میں سے زیادہ تر 60فیصد سیاست سے متعلق تھے، جبکہ 22فیصد موضوعات قانون سے متعلق تھے۔ دسمبر میں جن اہم موضوعات پر بحث کی گئی ان میں انتخابات اور عمران خان سائفر کیس سر فہرست رہے ہیں۔

تمام10ٹی وی ٹاک شوز میں مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ نمائندگی31فیصد دی گئی، جبکہ پی ٹی آئی 29فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ ان پروگراموں میں 287منفرد مہمانوں کو دکھایا گیا، جبکہ 581مہمان ایسے تھے جنہیں بار بار دکھایا گیا۔

نعیم حیدر پنجوتھا3فیصد اوراحمد بلال محبوب1.9فیصد کے ساتھ سرفہرست دو مہمان تھے، جو سب سے زیادہ ٹاک شوز میں نظر آئے۔

منفرد مہمانوں کی موجودگی کے حوالے سے ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘103مہمانوں کے ساتھ پہلے اور ’ایسے نہیں چلے گا‘ 80مہمانوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

دنیا نیوز پر پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ 55فیصد نمائندگی دی گئی، اسی طرح جیو نیوز پر سب سے زیادہ مسلم لیگ ن کو 41فیصد نمائندگی دی گئی۔ مسلم لیگ ن ’کیپیٹل ٹاک‘ اور ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں غالب رہی، جبکہ پی ٹی آئی ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘ میں سب سے زیادہ غالب دکھائی دی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts