خبریں/تبصرے

پروگریسو انٹرنیشنل کا قیام: چامسکی، سینڈرز، آئس لینڈ کی وزیر اعظم بھی شامل

لاہور (جدوجہد رپورٹ) سینڈرز انسٹی ٹیوٹ اور ڈیموکریسی ان یورپ مومنٹ 2025ء (DiEM25) کی تحریک پر پروگریسو انٹرنیشنل قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس کی 40 رکنی انٹرنیشنل کونسل میں کئی عالمی شخصیات شامل ہیں جن میں نوم چامسکی، برنی سینڈرز، کینیڈا کی معروف مصنفہ نومی کلائن، یونان کے سابق وزیر خزانہ یاینز واروفاکیز، ایکواڈور کے سابق صدر رافیل کورایا، برازیل کے سابق وزیر خارجہ سیلسو اماریم، سابق صدارتی امیدوار فرناندو ہداد اور آئس لینڈ کی وزیر اعظم کترین جینی داتر بھی شامل ہیں۔

اس سال ستمبر میں پروگریسو انٹرنیشنل کا پہلا اجلاس آئس لینڈ میں ہو گا اور اس کی میزبانی وہاں کی گرین لیفٹ تحریک کرے گی۔ آئس لینڈ کی موجودہ وزیر اعظم کترین جینی داتر کا تعلق گرین لیفٹ تحریک سے ہے۔

پروگریسو انٹرنیشنل کے عالمی کو آرڈی نیٹر ڈیوڈ ایڈلر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ترقی پسند قوتوں کے عالمی تعاون کی جتنی اشد ضرورت اب ہے، پہلے کبھی نہیں رہی۔

ادھر برطانوی روزنامے گارڈین سے ایک انٹرویو میں نوم چامسکی نے کہا کہ کرونا وبا کے اس بحران کے دوران عدم مساوات بڑھ گئی ہے جبکہ انتہائی دائیں بازو کی قوتیں سر اٹھا رہی ہیں۔

اس انٹرنیشنل کی تجویز دسمبر 2018ء میں ڈیموکریسی ان یورپ مومنٹ 2025ء اور سینڈرز انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے دی گئی تھی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts