لاہور (جدوجہد رپورٹ) عوامی احتجاج اور نیو یارک ٹائمز کے اپنے ہی صحافیوں کی جانب سے بغاوت کے بعد اخبار کے ادارتی مدیر جیمز بینٹ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
یہ احتجاج ری پبلکن سینیٹر ٹام کاٹن کا ایک مضمون شائع ہونے کے بعد شروع ہوا تھا۔ مضمون کا عنوان تھا ’Send In the Troops‘۔
ری پبلکن پارٹی اور امریکی صدر ٹرمپ نے نیو یارک ٹائمز کو اس فیصلے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
دریں اثنا، معروف اخبار فلاڈیلفیا انکوائرر کے مدیر سٹان وس چنوسکی (Stan Wischnowski) کو اخبار میں ایک نسل پرستانہ سرخی لگانے پر استعفیٰ دینا پڑا ہے۔ حالیہ مظاہروں کے دوران اخبار نے ایک دن سرخی جمائی تھی: ’Buildings Matter Too‘۔ یہ سرخی’بلیک لائیوز میٹر‘ کا مذاق اڑانے کے مترادف تھی۔
نیو یارک ٹائمز کی طرح فلاڈیلفیا انکوائرر میں بھی بغاوت ہوئی اور شدید عوامی رد عمل بھی سامنے آیا جس کے بعد اخبار کے مدیر کو اس اخبار کے ساتھ بیس سالہ رفاقت کے باوجود استعفیٰ دینا پڑا۔