خبریں/تبصرے

وینزویلا میں امریکی پابندیوں کیوجہ سے 4 لاکھ ہلاکتیں ہو چکی ہیں: صدر مادورو

لاہور (جدوجہد رپورٹ) دنیا بھر کے عوام کو لکھے گئے ایک خط میں ویزویلا کے صدر نکولس مادورو نے اُن کے ملک پر عائد غیر قانونی امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان پابندیوں کی وجہ سے 400,000 وینزویلین شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار ایک امریکی ادارے ’سنٹر فار اکنامک اینڈ پالیسی ریسرچ‘ نے پیش کئے ہیں۔

صدر مادورو کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے نہ صرف ملک میں سرمایہ کاری رک گئی ہے بلکہ وینزویلا ایسی کرنسی بھی حاصل نہیں کر پا رہا ہے جس کی مدد سے عالمی منڈی سے دوائیاں اور خوراک خرید سکے۔ مزید یہ کہ معاشی ترقی کے لئے ضروری فاضل پرزہ جات اور خام مال درآمد کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔

وینزویلا کے خلاف امریکہ نے لگ بھگ بیس سال سے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ویزویلا کی آمدن کا سب سے بڑا ذریعہ تیل ہے اور اس کی تجارت پر بھی مختلف نوع کی پابندیاں عائد ہیں۔

یاد رہے وینزویلا میں 6 دسمبر کو پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکہ حسب معمول نہ صرف ا ن انتخابات کو متنازعہ بنائے گا بلکہ بولیویا کی طرز پر بغاوت کرانے کی کوشش بھی ہو سکتی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts