خبریں/تبصرے

بی این یو میں بُک کولیکشن کیمپ: جمع ہونے والی کتابیں بلوچستان اور خیبر پختونخواہ بھیجی جائیں گی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی (بی این یو) لاہور میں اس ہفتے کونیکٹ دی ڈس کونیکٹڈ اور پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کے زیر اہتمام ’بُک کولیکشن کیمپ‘ لگایا گیا جس کا مقصد بلوچستان، خیبر پختونخواہ، سابقہ فاٹا اور دیگر پسماندہ علاقوں میں لائبریریوں کا قیام ہے۔

کونیکٹ دی ڈس کونیکٹڈ نامی مہم کچھ عرصہ پہلے ملک گیر سطح پر شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کے چیئرمین طالب علم رہنما مزمل خان ہیں۔ اس مہم کے تحت اب تک جمع ہونے والی کتابوں پر مبنی تیس لائبریریاں بلوچستان، خیبر پختونخواہ اور سابقہ فاٹا میں قائم ہو چکی ہیں۔

کونیکٹ دی ڈس کونیکٹڈ کی اس مہم کو کسی قسم کی ریاستی مدد یا سرپرستی حاصل نہیں ہے۔ یہ مہم رضاکارانہ بنیادوں پر چلائی جارہی ہے۔

بی این یو میں ڈیپارٹمنٹ آف لبرل آرٹس (ڈی ایل اے) کے طلبہ نے بُک کولیکشن کیمپ کا اہتمام کیا اور تین دن کے اندر 92 کتب جمع کرنے کے علاوہ لائبریریوں کے قیام کے لئے چندہ بھی جمع کیا۔ ان کی یہ مہم اگلے ہفتے بھی جاری رہے گی۔

اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بی این یو میں ایک سٹڈی سرکل کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کونیکٹ دی ڈس کونیکٹڈ کے چیئرمین مزمل خان کے علاوہ پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کے سابق رہنما حیدر کلیم نے بھی شرکت کی۔ حیدر کلیم خود بھی بی این یو کے گریجویٹ ہیں اور اس وقت شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ اس سٹڈی سرکل میں بُک کولیکشن کے علاوہ 27 نومبر کو ہونے والے طلبہ یکجہتی مارچ، طلبہ یونینز پر پابندی اور دیگر امور پر بھی بات کی گئی۔ سٹڈی سرکل میں پرگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو کی نائب صدر آمنہ وحید بھی شامل تھیں۔

اس مہم کے منتظمین نے بی این یو میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے سے اپیل کی کہ وہ کیمپ کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور مدد کریں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts