قیصر عباس
افق کی اور سے اتری صباحتوں کی پری
زمیں پہ پھیل گئی چاندنی کی جادوگری
یہ سارا کھیل اسی رشک ماہتاب کاہے
کہ خوشبوؤں میں نہائی تھی دل کی بارہ دری
فصیل شام پہ اتری تو تھی دیوں کی قطار
ہماری آنکھ سے لپٹی ہوئی تھی بے بصری
سفر تمام نہیں اور نئے سفر کے سوال
ہمارے ہاتھ پہ لکھی ہوئی ہے در بدری
ہواکے ساتھ سفر حادثہ ہی تھا قیصرؔ
ہمارے ساتھ شریک سفر تھی بے خبری
Qaisar Abbas
ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔