خبریں/تبصرے

چے مالاکنڈ میں: پوٹریٹ بنانے کے انوکھے فن کی ماہر طالبہ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کے ایک چھوٹے سے علاقے ہریانہ کوٹ کی رہائشی لڑکی نے پوٹریٹ بنانے کے ایک انوکھے فن میں مہارت حاصل کر رکھی ہے، الماس خانم جان ’آٹا چھاننے والی جالی‘پر کاٹن کے دھاگے سے ٹانکے لگا کر (سٹیچنگ سے) پوٹریٹ بنانے والی دنیا کی واحد لڑکی کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

الماس خانم جان نے عظیم انقلابی رہنما چے گویرا، ملالہ یوسفزئی، عبدالستار ایدھی سمیت مختلف شخصیتوں کے پوٹریٹ انتہائی مہارت سے بنائے ہیں۔ انہیں اس انوکھے فن میں مہارت حاصل کرنے پر ’پاکستان سپر لیگ‘کی انتظامیہ کی طرف سے خصوصی اعزاز سے بھی نوازا کیا گیا ہے۔

ایکسپریس ٹربیون سے گفتگو میں الماس خانم جان کا کہنا تھا کہ ”میں نے کبھی کسی انسٹی ٹیوٹ میں شرکت نہیں کی، میں کچھ نیا کرنا چاہتی تھی اور آخر کار مجھے آٹا چھاننے والی جالی پر تصویر کشی کرنے کا خیال آیا۔“ انکا کہنا تھا کہ ”تین فٹ لمبی جالی پر ایک پورٹریٹ مکمل کرنے میں لگ بھگ دس دن لگتے ہیں، کاٹن کے دھاگے کے ساتھ مکمل پورٹریٹ بنانا آسان کام نہیں، بہت توجہ لگانی پڑتی ہے اور آنکھوں کو بھی تکلیف ہوتی ہے لیکن مجھے یہ کام پسند ہے۔“

الماس خانم جان میڈیکل کی طالبہ ہیں، انکے خاندان کے دیگر افراد بھی فنکار ہیں، والد شاعر ہیں، بڑا بھائی موسیقار ہے، ایک بھائی مجسمہ ساز ہے۔ وہ خود بھی ایک سٹوڈیو قائم کرنے کی خواہش مند ہیں اور انکا دعویٰ ہے کہ جس فن میں انہیں مہارت حاصل ہے ایسا کام دنیا میں کوئی اور نہیں کر رہا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts