خبریں/تبصرے

یوم مئی 2021ء: پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد

آن لائن ریلی

کورونا وبا کے باعث اس سال بھی یوم مئی روایتی انداز میں بڑے جلسے اور ریلیاں منعقد کر کے نہیں منایا جا سکا، تاہم تمام تر کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کے زیر اہتمام محدود تقریبات منعقد کیں گئیں۔ اس سلسلے میں ایک آن لائن ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جس کویکم مئی کو سوشل میڈیا کے ذریعے نشر کیا گیااور دنیا بھر سے سینکڑوں افراد اس ریلی کا حصہ بنے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کورونا وبا کے دوران محنت کشو ں کی حالت زار پر گفتگوکرتے ہوئے کہ کورونا وبا میں لاک ڈاؤن کے باعث عام آدمی اور محنت کش سخت متاثر ہوا ہے۔ حکومت کی جانب سے سرمایہ داروں کو ریلیف مہیا کیا گیا مگر محنت کشو ں کو مکمل نظر انداز کردیا گیا۔ حکومت آئی ایم ایف کے ایما پر بڑے پیمانے پر نجکاری پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے نتیجے میں جبری بر طرفیاں کیں جا رہی ہیں اور سرکاری اداروں سے لاکھوں ملازمین کو بر طرف کیا جا چکا ہے اور مزید برطرفیوں کی تیاریا ں کیں جا رہی ہیں۔ کورونا وبا سے نبٹنے کے لئے بڑے پیمانے پرعوام کو ویکیسین لگانے کی بجائے دوبارہ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ اس کیفیت میں بلوچستان سے لے کر کشمیر تک ہر جگہ محنت کشوں کی جانب سے مزاحمت بھی جاری ہے تاہم ان تمام منتشر لڑائیوں کو یکجا کرتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف سرکشی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مقررین میں نذر مینگل مرکزی چیئرمین پی ٹی یو ڈی سی، رمضان لغاری صدر پیپلز یونٹی آف پی آئی اے، کامریڈ راہول مرکزی رہنما پی ٹی یو ڈی سی، راجہ سلیم مرکزی صدرمرکزی صدر او جی ڈی سی ایل اتحاد یونین، انصر وڑائچ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری او جی ڈی سی ایل اتحاد یونین، رضا خان سواتی مرکزی رہنما نادرا ملازمین بحالی تحریک، محمد اسلم خان رہبر تحریک آل پاکستان ایمپلائز پنشنرز اینڈ لیبر تحریک، راجہ عمران مرکزی نائب صدر ریلوے لیبر یونین، راجہ مجید سر پرست اعلیٰ میونسپل لیبر یونین راولپنڈی،آصف رسول رہنما ریلوے لیبر یونین ورکشاپس ڈویژن، شاہد انور صدر پی ٹی یو ڈی سی شمالی پنجاب،کامریڈ فورزیہ رہنما پی ٹی یو ڈی سی و ریلوے، سراج خٹک صدر پیپلز لیبر بیورو ضلع اٹک،بابا ناز لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن،ملک فتح رہنما واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین، محمد حسین رہنما گسٹا ٹنڈو اللہ یار سندھ،سید اعجاز بخاری آل پاکستان آئل اینڈ گیس ایمپلائز فیڈریشن، شیخ خالد محمود مرکزی صدر ایمپلائز یونٹی سول ایوی ایشن اتھارٹی، سعد ناصر مرکزی رہنما آزاد کشمیر ٹیچرز ایسو سی ایشن، ارزم خان سابق صوبائی جنرل سیکرٹری ٹیچرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا، جنت حسین مرکزی رہنما پی ٹی یو ڈی سی، عزت کمال پاشا جنرل سیکرٹری سی ڈی اے اسلام آباد، انور پنہور صوبائی صدر پی ٹی یو ڈی سی سندھ، بشری عزیز رہنما پی ٹی یو ڈی سی آزاد کشمیر، شہباز پھلپو ٹو جنرل سیکرٹری اسکارپ ورکشاپ ورکرز یونین اور دیگر شامل تھے۔

کوئٹہ

یکم مئی مزدور ڈے کی مناسبت سے بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے زیراہتمام کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے اریگیشن آفس کوئٹہ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے گرینڈ الائنس کے رہنماؤں داد محمد بلوچ، ماما عبدالسلام، علی بخش جمالی، عبدالسلام زیری، قاسم خان کاکڑ، درمحمد لانگو، پیر محمد کاکڑ، نظام الدین سارنگزئی، شمس اللہ کاکڑ سمیت پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کے مرکزی چیئرمین نذر مینگل، علی منگول اورمرکزی صدر بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن و رہنما  گرینڈ الائنس  حمید خان سمیت  دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

مقررین نے خطاب کے دوران کہا کہ یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن ہے، یہ دن منانے کا مقصد مزدوروں، محنت کشوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کرنے کیلئے آواز اٹھانا ہے۔ یہ دن 1886 میں شکاگو کے مقام پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہونے والے احتجاج کا نتیجہ ہے۔

کراچی

مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرگلشن معمار میں سیمینار کا انعقاد

 پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کے زیر اہتمام عمر اصغر ہال، پائلرسنٹر گلشن معمار میں  مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ’PTUDC‘ کے سابق مرکزی صدر کامریڈ ریاض حسین لنڈ بلوچ نے کی۔ سیمینار میں گرد و نواح کی فیکٹریوں کے محنت کشوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انقلابی طلبہ محاذ RSF کراچی آرگنائزرفیاض چانڈیو نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیئے۔

بحث کا آغاز کامریڈ بابر پنہور نے کیا۔ انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن کی اہمیت اور آج کی جدو جہد کے حوالے سے گفتگو رکھی۔ اس کے بعد جے کے این ایس ایف کے مرکزی رہنما ارسلان شانی،’PTUDC‘ کے جنت حسین، عبدلواحد، احمد باجوہ، عامر ساحل جمالی، کرامت علی اور سندھ پروفیسر اینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسرعلی مرتضٰی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو اس نظام کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔

ان شہدا کے خون کا بدلہ صرف اور صرف سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہی لیا جا سکتا ہے۔

پاکستانی مارکیٹ سٹیل ٹاؤن میں جلسہ عام کا انعقاد

أل ایمپلائز ایکشن کمیٹی آف پاکستان اسٹیل ملز کی جانب سے یکم مئ 2021ء کو مزدوروں کا عالمی دن پاکستانی مارکیٹ سٹیل ٹاؤن میں شایان شان طریقے سے منایا گیا، جس میں پاکستان اسٹیل ملز اور دیگر اداروں کے محنت کشوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی اور شکاگو کے شہیدوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

ایکشن کمیٹی سپریم کونسل کے ساتھیوں نے انتظامیہ پاکستان اسٹیل ودیگر ایجنسیوں کی رکاوٹوں اور کورونا کی بدترین صورتحال کے باوجود سینکڑوں کی تعداد میں محنت کشوں کی شرکت کو زبردست طریقے سے سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، ایکشن کمیٹی سپریم کونسل کے ممبر و ’PTUDC‘ کے کامریڈ اکبر میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  یکم مئی 1886ء کو امریکہ کے سولہ ہزار 562 اداروں کے محنت کشوں کی جانب سے پورے ملک میں پہیہ جام ہڑتال کی کال پر لاکھوں کی تعداد میں محنت کشوں کا8 گھنٹے اوقات کار اور دیگر مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر امڈآئے اور جدوجہد کا آغاز کیا۔ جس پر امریکہ کی اس وقت کی جابر ریاست اور سرمایہ داروں نے مل کر مزدوروں پر بدترین تشدد کیا اور شکاگو میں سینکڑوں محنت کشوں کو شہید اورہزاروں کو زخمی کیا۔ لیکن محنت کش رکےنہیں تھمے نہیں اور لڑائی کوآگے بڑھاتے رہے، محنت کش تو قیادت کو تخت دار پر چڑھا دیا گیا، جیلوں میں ڈالا گیا، عمر قید کی سزائیں دی گئیں اور بالآخر مزدوروں کی منظم جدوجہد کے سامنے امریکی ریاست اور سرمایہ داروں کو گھٹنے ٹیکنے پڑے اور محنت کشوں کے مطالبات مان لیے گئے۔

ایکشن کمیٹی کے قائدین نے حال ہی میں پاکستان اسٹیل سے جبری طور پر برطرف کئے گئے 5052 ملازمین کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا اورملک کے واحد فولادسازی کے ادارے پاکستان اسٹیل کو بھی جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ پاکستان اسٹیل میں موجود ملک کا سب سے بڑا آکسیجن پلاٹ کورونا کی موجودہ بدترین صورتحال میں آج بھی 15200 کیوبک میٹر فی گھنٹہ آکسیجن تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جو کہ ملک میں متوقع آکسیجن کی کمی کو پورا کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل آکسیجن پلانٹ ماضی میں کراچی کے تمام بڑے ہسپتالوں جناح، سول، NICVD و دیگر کو مفت آکسیجن فراہم کرتا رہا ہے۔ اب بھی یہ پلانٹ مکمل طور پر چل سکتا ہے، لیکن آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے دلال حکمرانوں کی نیت نظر نہیں آتی۔

تمام مقررین جس میں اکبر میمن، نوید آفتاب اکبر ناریجو، علی حیدر گبول اور عاصم بھٹی نے محنت کشوں کے ملک گیر اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

حیدرآباد

یوم مئی کے موقع پر شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کی جانب مظاہرے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف اداروں سے ٹریڈ یونین رہنماؤں و محنت کشوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پوسٹرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر اُن کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت ’PTUDC‘ کے رہنما ایسرداس، نثار چانڈیواور جے پرکاش نے کی۔ اس موقعے پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تمام محنت کشوں کو بلا کسی تفریق کے فوری طور پر کورونا ویکسین لگائی جائے۔ ٹھیکیداری نظام سمیت نجکاری اور ڈاؤن سائزنگ جیسی پالیسیوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو حقیقی خراج صرف اسی وقت ادا کی جا سکتی ہے جب ہم اس سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کر کے اس سوشلسٹ سماج برپا کر دیں۔

میرپورخاص

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر میرپور خاص کے چاندنی چوک پر شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ’PTUDC‘ کی جانب سے ایک مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہدا کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرنے سمیت مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ’PTUDC‘ کے رہنما محمد حسین، پرشوتم، نیم داس اور مزدور رہنما اکرم منگنھار نے کہا کہ آج محنت کش طبقہ بدترین حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام میں کسی قسم کی اصلاحات کی کوئی گنجائش موجود نہیں، ضرورت اس امر کی ہے اس نظام کا خاتمہ کیا جائے اور ایک ایسے نظام کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں محنت کشوں کا راج ہو۔

کوٹری

یوم مزدور کے موقع پر ’PTUDC‘ ضلع جامشورو کی جانب سے کوٹری سائیٹ ایریا میں ایک تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں کوٹری سائیٹ ایریا میں مکیم مختلف فیکٹریوں میں کام کرنے والے محنت کشوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کو چیئر کامریڈ اصغر ڈاھری نے کیا جبکہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور انقلابی طلبہ محاذ کے رہنما فیصل مستوئی، کامران، اختر اور آزاد جھامن نے کہا کہ شکاگو کے عظیم محنت کشوں نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر محنت کشوں کو اُن کے حقوق دلوائے۔ آج ہمارے لیے بھی یہ موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اس ظالم نظام اور سرمایہ داروں کے خلاف اپنی جدوجہد کو تیز کرتے ہوئے محنت کشوں کی حقیقی حکمرانی قائم کریں۔

میرپور بٹھورو

شکاگو کے شہدا کو سرخ سلام پیش کرنے اور محنت کشوں کے خلاف ناانصافیوں کے خلاف’PTUDC‘ اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے صوفی شاہ عنایت پریس کلب میروپور بٹھورو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ’PTUDC‘ اور BNT کے رہنما سکندر زئنور، جبار زئنور اور کامریڈ غنی نے کی۔ مظاہرین نے بیروزگاری، مہنگائی اور غربت سمیت بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے غریبوں کے گھروں کو مسمار کرنے اور اُن کے آبائی گاؤں اُن سے چھیننے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم جس نظام میں رہتے ہیں وہ منافع خور سرمایہ داروں کا نظام ہے، آج ہم تمام محنت کشوں کو چاہیے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اوراس بدترین استحصال کے خلاف ایک پلیٹ فام پر اکھٹے ہوکر جدوجہد کو تیز کریں اور اس سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑتے ہوئے برابری اور آزادی پر مبنی سوشلسٹ سماج قائم کریں۔

خیرپورمیرس

واپڈا اسکارپ ورکشاپ ورکرز یونین کی جانب سے تقریب

مورخہ 29 اپریل کو واپڈا اسکارپ ورکشاپ ورکرز یونین کی جانب سے واپڈا اسکارپ ورکشاپ خیرپور میرس میں محنت کشوں کے عالمی دن کے حوالے سے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کے مرکزی رہنما کامریڈ سعید خان خاصخیلی نے کی، جبکہ میزبانی کے فرائض اسکارپ ورکشاپ ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کے رہنما کامریڈ شہباز پھلپوٹو نے انجام دیے۔

’PTUDC‘ اور ورکشاپ ورکرز یونین کے رہنماؤں فیاض سومرو،شہباز ملانو، وقار احمد،عشرت علی، فراز رڈ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کامریڈ شہباز پھلپوٹو کا کہنا تھا کے وبا کے دور میں حکمرانوں کے پاس مزدوروں کے لیے کوئی ریلیف پروگرام نہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران مزدوروں کا گزراکیسے ہو کیونکہ حکومت کے پاس ان کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں۔ ایسی صورتحال میں مزدور اور ان کے خاندان خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ کامریڈ سعید نے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں مزدوروں کو درپیش مسائل پر بات رکھی۔ کامریڈ وقار احمد نے شکاگو کے شہیدوں کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ہم بھی اس راہ کے مسافر ہیں جس راہ پر چلتے ہوئے شکاگو کے شہیدوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پھول باغ میں مشعل بردار ریلی

مورخہ 30 اپریل کی شام ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم مئی کی مناسبت سے پھول باغ خیرپور میرس میں شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے مشعل بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کورونا صورت حال کی وجہ سے پروگرام کا دورانیہ مختصر رکھا گیا۔ ریلی سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کے مرکزی رہنما کامریڈ سعید خان،کامریڈ شہباز پھلپوٹو اور کامریڈ امجد لاشاری نے خطاب کیا۔

پی ٹی یو ڈی سی اور یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام یوم مئی کے موقع پر پروگرام کا انعقاد

یکم مئی کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘اور یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن خیرپور میرس کی جانب سے محنت کشوں کے عالمی دن کے حوالے سے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کے مہمان خاص یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن خیرپور کے جنرل سکریٹری اور پی ٹی یو ڈی سی کے کامریڈ اعجاز عباسی, پی ٹی یو ڈی سی خیرپور کے رہنما اور سینیئر صحافی غلام حسین فاتح میرانی تھے۔ میزبانی کے فرائض کامریڈ شھباز پھلپوٹو نے ادا کئے۔

کامریڈ مختیار خمیسانی نے پروگرام میں شرکت کرنے والے مزدور رہنماؤں کو خوش آمدید کہا۔ مقررین میں پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی رہنما کامریڈ سعید خان خاصخیلی، فراز رڈ، ایڈووکیٹ شاھد پھلپوٹو، کامریڈ امجد لاشاری، مزدور رہنما زاھد، آل پاکستان یوٹیلٹی اسٹورز ورکرز یونین خیرپور کے رہنما سید کرم شاہ، کامریڈ وہاب اور دیگر شامل تھے۔ کامریڈ شہباز پھلپوٹو کا کہنا تھا کہ وبا کے دور میں حکمرانوں کے پاس مزدوروں کے لیے کوئی ریلیف پروگرام نہیں۔

کامریڈ سعید نے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں مزدوروں کو درپیش مسائل پر بات رکھی۔ مقررین نے محنت کش طبقے کی نجات کا واحد راستہ مسلسل جدوجہد کے ذریعے برپا ہونے والے سوشلسٹ انقلاب کو قرار دیا۔

دادو

یکم مئی کے دن پورے دنیا میں یوم مئی منایا جارہا ہے اس سلسلے میں دادو میں بھی بیروزگار نوجوان تحریک، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘، انقلابی طلبہ محاذRSF، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین، ہائی ویز لیبر یونین کی جانب سے کورونا وبا کے پیش نظر ایک محدود جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ میونسپل پارک میں شرکاء اکٹھے ہوئے اور بنیادی مطالبات جیسا کہ بیروزگاری، نجکاری، مہنگائی او لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کے ساتھ دادو میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی اور نکاس کے نظام کو بہتر بنایا جائے، فیسوں میں کمی لائی جائے، مفت کرونا ویکسین سب کو دی جائے، دادو کیمپس بلڈنگ کے کام کا آغاز کیا جائے، لاک ڈاؤن کے دوران بیروزگار ہوئے محنت کشوں کو راشن اور ادویات کی فراہمی، بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی جانب سے سندھ میں صدیوں سے قائم قدیم بستیوں کو مسمار کرنے اور غنڈہ گردی کرنے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا گیا۔

جلسہ عام سے کامریڈ ستار جمالی رہنما بی این ٹی، کامریڈ انور پنہور صدر پی ٹی یو ڈی سی سندھ، کامریڈ عمران زؤنر طلبہ رہنما، کامریڈ زاھد زؤنر رہنما انقلابی ہاری جدوجہد، کامریڈ محمد موریل پہنور اور دیگر نے خطاب کیا۔ دوران خطاب مقررین کا کہنا تھا کہ شکاگو کے شہید مزدوروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ اس کا انتقام ایک سوشلسٹ انقلاب سے ہی لیا جا سکتا ہے جس کے نتیجے میں یہاں بیروزگاری، مہنگائی، صحت تعلیم، علاج، معاشی عدم مساوات جیسے مسائل کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

سہون

بیروزگار نوجوان تحریک اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کی جانب سے سہون کی طرف سے شکاگو کے شہداء کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر سکندر اوٹھو، مشتاق سیلرو، عبداللہ چنہ، عارب ملاح اور انور پنہور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کورونا وبا کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے نوے فیصد محنت کش طبقہ متاثر ہوا ہے۔ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے وہ فاقہ کشی کا شکار ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وبا کے باوجود امیر طبقہ امیرتر ہو رہا ہے اور غریب طبقہ غریب تر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی نجات کا ایک ہی راستہ ہے وہ ہے اس ظالم سرمایہ داری نظام کا خاتمہ کر دیا جائے۔

شہداد کوٹ

یوم مئی کے شہداء کی جدوجہد اور قربانی کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے شہدادکوٹ ٹاؤن ہال میں ٹریڈ یونین فیڈریشن کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی، جس میں مہران ورکرز یونین، بیڑی ورکرز یونین، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘، رائیس فیکٹری ورکرز یونین، تعمیرات لیبر یونین، انقلابی ہاری جدوجہد شامل تھیں۔تقریب کی صدارت محمد عرس سیلرو نے کی مقررین میں غلام اللہ سیلرو، کامریڈ قادر بخش، وہاب پندرانی، گل جان بروہی، کامریڈ سکندر سیلرو، وغیرہ شامل تھے۔

مقررین نے کہا کہ یوم مئی مزدور جدوجہد، ایکتا اور فتح کی علامت ہے، دنیا میں بغیر کسی امتیاز کے یوم مئی کے شہدا کی قربانی اور جدوجہد عالمی انقلاب کی نوید ہے۔ یوم مئی کا پیغام ہے محنت کشوں کے لیے کہ ناقابل مصالحت جدوجہد اور مزاحمت کا آغاز کرو، اب مزدور اک کھیت نہیں، اک دیس نہیں ساری دنیا مانگے گے۔ کورونا وبا اور سرمایہ داری نے دھرتی، زندگی اور حیات کے خطرات پیدا کردئے ہیں۔ اب سرمائے کے نظام کو اکھاڑ کر محنت کشوں کی حکمرانی کے قائم کرنے کا وقت ہے۔ اس جدوجہد کے لیے انقلابی پارٹی کی تعمیر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں اب محنت کشوں نے اپنی انقلابی قیادت تراشنی ہے۔

تقریب میں کبڑخان سیلرو، احمد خان لغاری، صالح سیلرو، غلام رسول سہتو مرحوم کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

بھان سیدآباد

بیروزگار نوجوان تحریک اورانقلابی طلبہ محاذ RSF کی طرف سے بھان سیدآباد میں شکاگو کے شہدا کی یاد میں اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔

اقبال میمن، بدرالدین پنھور، سجاد شاھانی اور انور پنہور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ایک سو پینتیس سال گزرنے کے باوجود محنت کشوں کے حالات نہیں بدلے۔اب بھی نہ صرف اوقات کار طویل کردیئے گئے ہیں بلکہ بھوک بدحالی کے سماجی حالات ماضی کے مقابلے میں زیادہ گھمبیر ہوگئے ہیں۔جب کہ کورونا وبا کی وجہ سے بیروزگاری، مہنگائی اور غربت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ سرمایہ داری نظام رائج ہے تب تک محنت کشوں کے حالات نہیں بدل سکتے اس لئے اسی نظام کو سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہی بدل سکتے ہیں۔

نواب شاہ

ملک کے اندر کورونا وبا کے لاکڈاؤن کے مدنظر نوابشاہ میں بھی محدود سطح پر محنت کشوں کا عالمی دن منایا گیا اور سلسلے میں    ’PTUDC‘ کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔جس میں کامریڈ اعجاز شیخ، کامریڈ وزیر رند، ساگر حنیف لاکھو اور دوسرے محنت کش شریک ہوئے۔جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر شکاگو کے شہداکو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام محنت کشوں کے سماجی حالات انتہائی بری حالت میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سرمایہ داری نظام میں رہتے ہوئے کوئی بھی تبدیلی نہیں آئے گی اس لیے ہمیں محنت کشوں کا سوشلسٹ انقلاب برپا کرنا پڑے گا تب ہی تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

خیرپور ناتھن شاہ

ملک بھر کی طرح خیرپورناتھن شاہ میں بھی مزدوروں کا عالمی دن منایا گیا۔ خیرپورناتھن شاھ طبقاتی جدوجہد، پورھیت مزاحمت اور عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے لیبر ڈے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، دیئے جلاکر شمع روشن کرکے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کی گئی۔تقریب میں شہر کی مختلف تنظیموں پی ٹی یو ڈی سی، پورھیت مزاحمت، عوامی ورکرس، سندھ یونائیٹڈ پارٹی، سندھ ترقی پسند پارٹی، سبزی فروٹ یونین، مزدور یونین، آپکا وائس آف یوتھ اور دیگر شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سہیل چانڈیو نے سرانجام دیئے،جبکہ پروگرام میں عیسٰی چانڈیو، کامران چانڈیو، غلام محمد گاڈھی، جبران چانڈیو، بلاول بھرگڑی، اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اس موقع پر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکاگو کے شہداء کے مشن کو پایہ ء تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہم کو آج سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے رکھوالوں کی طرف سے عائد ہر استحصالی صورت کے خلاف لڑنا پڑے گا۔

بیروزگاری، بھوک، بدحالی، نجکاری، پانی کی قلت اور دیگر مسائل کے خلاف جدوجہد تیز کرنی پڑے گی۔ یہ جدوجہد قومی نسلی مذہبی فرق کیے بغیر سارے غریب محنت کشوں کو متحد و منظم کریگی جو کہ ایک ایسی ملکی و عالمی قوت بنے گی کہ وہ عالمی سرمایہ دارانہ نظام کے عالمی جبر جو کہ مظلوم طبقوں اور قوموں پرصدیوں سے جاری و ساری ہے کو یکسر ختم کردیگی اور یہ صرف ایک سوشلسٹ انقلاب کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

رحیم یار خان

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ اور ڈسٹرکٹ ورکرز ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام مہنگائی، بیروزگاری، نجکاری، دہشت گردی اور لیبر لاز کی خلاف ورزیوں کے خلاف ڈسٹرکٹ پریس کلب رحیم یار خان کے سامنے کورونا ایس او پیز کو مدِنظر رکھتے ہوئے علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ سے بزرگ مزدوررہنما سید زمان خان، ضلعی سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی صفدر خان کانجو، چیئر ڈسٹرکٹ ورکرز ایکشن کمیٹی نعیم مہاندرہ ایڈووکیٹ، ’PTUDC‘ کے آرگنائزر حیدر چغتائی، چیئرمین میڈیکل لیب ٹیکنالوجسٹ علی ملک، کنوینیئر مزدورریلی ربانی بلوچ، ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن شیخ زید ہسپتال عمران ارشد، سٹی جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی حسنین شاہ، بزمِ فرید کے جہانگیر انڈھڑ، خلیل بخاری، قاضی وحید، AWP کے اکبر ملک، سینئر نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین عبدالخالق گوپانگ، صوبائی جنرل سیکرٹری پیپلز لیبر بیورو ملک رحمان حبیب، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے ضلعی صدر زین العابدین بھٹی، پی ایس ایف کے رہنما اظہار احمد، عمیر خان ڈاھر، آر ایس ایف کے آرگنائزر عمیر بھٹی، شاہد بنگش، عدنان سومرو، طارق قذافی، یعقوب چاچڑ، یونی لیور ورکر یونین کے صدر احمد کھوکھر، معروف قانون دان اسماعیل ڈاھر، پی پی پی کے ضلعی رہنما فیاض خان، سماجی کارکن فرحان عامر ایڈوکیٹ، سمیع بلوچ، کوکا کولا کے ساجد علی، ’PTUDC‘ کے آرگنائزر رائس طارق، اشرف پیر جی، مسلم گوندل، اکرام بھٹی، MRDW کے ملک ندیم، سجاد شاہ، ینگ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ایسوسی ایشن (YAHPA) پاکستان کے زیبی بھٹہ اور طالب علموں، نوجوانوں اور مزدوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مطالبات پر مبنی مشترکہ چارٹر کا اعلان کیا گیا۔ چارٹر میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام محنت کشوں بشمول فیلڈ ورکرز، ہیلتھ ورکرز، طلباء اور اساتذہ کو فوری کورونا ویکسین لگائی جائے۔ موجودہ کورونا کے بحران کی وجہ سے متاثرہ مزدوروں کو خصوصی پیکج دیا جائے۔

محنت کشوں پر جاری حملے بند کیے جائیں، لیبر لاز پر عمل درآمد کیا جائے۔ کم از کم تنخواہ ایک تولہ سونا کے برابر کی جائے۔ EOBI اور سوشل سیکیورٹی کارڈز کا اجراء کیا جائے۔ نئی مزدور دوست پالیسی متعارف کی جائے۔ رحیم یار خان میں نئی لیبر کالونی اور لیبر ہال تعمیر کیا جائے۔ یونی لیور اور کوکا کولا سمیت تمام برطرف مزدوروں کو بحال کیا جائے۔ شیخ زید ہسپتال کے نان ڈاکٹرز ملازمین کے حقیقی نمائندے خواجہ نعیم طارق پر بے بنیاد اور من گھڑت کیس ختم کرکے رہا کیا جائے۔  الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز AHP کونسل کی فوری تشکیل جائے اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے ڈگری ہولڈرز کو فوری طور پر 17 سکیل پر جاب دی جائے۔ تمام نوجوانوں کو روزگار دیا جائے یا کم از کم 15,000 روپے بےروزگاری الاؤنس دیا جائے۔ ہر سطح پر تعلیم مفت اور یکساں کی جائے اور تعلیم کا کاروبار بند کیا جائے۔ شعبہ صحت میں نجی کاروبار کو بند کیا جائے، قومی صحت پالیسی نافذ کی جائے اور تمام علاج معالجہ اور ادویات مفت فراہم کی جائے۔ بجلی، گیس اور پیٹرولیم کی ہوش ربا قیمتوں میں کمی کی جائے۔

مزدوروں، طالب علموں، نوجوانوں کی تنظیموں کے نمائندوں کی طرف سے جاری کیے گئے چارٹر کے ذریعے دنیا بھر میں جاری انقلابی اور محنت کشوں کی تحریکوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور سامراجی اور سرمایہ دارانہ نظام کی پالیسیوں کو مسترد کیا گیا اور سوشلسٹ انقلاب کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔

صادق آباد

صادق آباد میں یوم مئی کی تقریب کا مقامی سطح پر روایتی تقریب کے طورپرانتظارکیا جاتا ہے۔ شہریوں کی بہت بڑی تعداد یوم مئی کی ریلی اور جلسے میں گہری دلچسپی رکھتے اور اپریل کے مہینے سے پروگرام کے بارے میں استفسار کرنا شروع کردیتے ہیں۔ عام طور پر شہری ریلی کے راستے میں پانی اور شربت کی سبیلیں لگاتے ہیں اور ریلی کے راستے میں دوکاندار ہاتھ ہلا کر اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ کورونا کی جان لیوا عالمی وبا کے سبب گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ”یوم مئی“ کی روایتی تقریبات کا انعقاد ممکن نہ تھا۔ لہٰذا مزدور رہنماؤں، سیاسی کارکنوں اور یوم مئی کی تقریبات کے آرگنائزر کے ساتھ مسلسل مشاورت کے بعد یوم مئی کوبہت چھوٹے پیمانے پر منانے کا پروگرام بنایا گیا۔ اس ضمن میں محنت کش ساتھیوں کی بجائے مختلف تنظیموں کے رہنماؤں پر مشتمل ایک چھوٹی سی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

فوجی فرٹیلائزرکمپنی کے پلانٹ کے ساتھ محنت کشوں کی رہائشی ’بستی لاشاری‘ میں یوم مئی کی تقریب کوچار دیواری کے اندرمنعقد کیا گیا۔ تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض عباس تاج نے سرانجام دیئے جب کہ شرکاء سے علی حسن‘فنانس سیکریٹری مزدور یونین (سی بی اے) فاطمہ فرٹیلائیزر کمپنی، نواب دین لاشاری‘ جنرل سیکریٹری ایمپلائیز یونین FFC (سی بی اے) فوجی فرٹیلائیزر کمپنی اور قمرالزماں خاں‘ سیکریٹری جنرل پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین نے خطاب کیا۔

مقررین نے یوم مئی کا تاریخی تعارف کرواتے ہوئے اسکے محنت کش طبقے پر اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے موجودہ حالات میں درپیش مسائل اور سرمایہ داری نظام کے حملوں اور انکے اثرات کا تفصیل سے احاطہ کیا۔ مقامی صنعتوں میں ٹھیکے داری نظام کی وجہ سے مزدوروں کے کئی درجوں میں استحصال کے خاتمے کیلئے مزدور ہنماؤں نے ٹھیکے داری نظام کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

شرکا نے سرمایہ داری نظام، جاگیرداری اور استحصال کے خلاف نعرے بازی کی۔

کوٹ ادو

مزدور ایکشن کمیٹی اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام عباس پلازہ کوٹ ادو میں یوم مئی کے موقع پر نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں محنت کشوں اور طلبا نے شرکت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ’PTUDC‘ کے مرکزی رہنما ندیم پاشا، کامریڈ علی اکبر اور دیگر نے یوم مئی کے پس منظر اور موجودہ حالات میں محنت کشوں کی حالت زار پر بات رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف سوشلسٹ انقلاب ہی واحد راہ نجات ہے۔

جام پور

ہر سال سے ہٹ کر اس سال تمام ترمشکلات اور حکومتی پابندیوں اور کورونا وبا کے باوجود اگرچہ جلسہ عام اورمزدور ریلی کا انعقاد ممکن نہیں تھا، مگر پھر بھی ملک بھر کی طر ح شکاگو کے محنت کش شہدا اور دنیا بھر کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم مزدور کی تقریب جام پور بار کونسل ہال میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز دن گیارہ بجے انقلابی ترانوں، گیتوں اور نظموں سے کیا گیا۔ تقریب سے مختلف ٹریڈ یونین،طلبا تنظیموں اور کسان تنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے محنت کشوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کیا وہاں دوسری طرف پوری دنیا میں محنت کشوں کی جبری بے دخلی، تنخواہوں میں کٹوتی، مراعات میں کمی اور مہنگائی میں خوفناک اضافہ کی حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مقررین نے واضح کیا کہ پوری دنیا اس وقت وبا کی لپیٹ میں ہے اور نظام سرمایہ داری جو پچھلی دو دہائیوں سے گہرے بحران کا شکار ہے اس میں کسی بھی چھوٹی سی قابل علاج بیماری کی فوری ادویات فراہم کرنے کی سکت نہیں ہے، مگر اپنے منافعوں کی ہوس کو برقرار رکھنے کیلئے ہتھیاروں کی مہنگے داموں فروخت کو جاری رکھا ہے۔ اس وقت ہم دیکھ رہے ہیں کہ زمین جنگلات سے خالی ہے اور بارود کے بادلوں سے فضا زہر آلود ہے جس میں انسانیت کے لئے سانس لینا دو بھر ہوگیا ہے۔ اسی وبا کے دوران کرڑوں لوگ غربت کی اتھاہ گہرائیوں میں چلے گئے ہیں اور دوسری طرف ایک سال کے اندر 200 نئے ارب پتی پیدا ہوگئے ہیں۔ یہ اس نظام زر کا جرم ہے کہ یہ باردو تو بنا سکتا ہے مگر ویکسین نہیں۔

آخر میں مقررین نے طبقاتی نظام کے خاتمے کی جدوجہد کے عزم کے ساتھ غربت، بھوک، مہنگائی، سرکاری اداروں کی نجکاری، مہنگی تعلیم اور مہنگے علاج کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں مفت کورونا ویکسین تمام افراد کو لگائے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔

مقررین میں کامریڈ رؤف لُنڈ، کامریڈ شہریار ذوق، غضنفر، ظفر احمدانی، سرور قریشی، آصف گشکوری، حاتم لُنڈ، الطاف احمدانی، باسط سومرو، مجید پتافی اور دیگر شرکا نے خطاب کیا۔ تقریب میں معروف مقامی انقلابی شعرا ناصر ڈینہ، فیاض شاد، شہباز، سلیم انسب، عبدالکریم محسن نے اپنا اپنا انقلابی کلام پیش کیا۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض کامریڈ سقراط نے سرانجام دیئے۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے انٹرنیشنل مل کر گایا۔

فیصل آباد

مزدوروں کے عالمی دن، یکم مئی، کے موقع پر لیبر قومی موومنٹ کے زیرِ قیادت مزدوروں کے مختلف صنعتی سیکٹرز، سدھار، چنچل سنگھ اور باؤ والا سیکٹر کا دورہ کیا گیا۔ سیکٹرز کے وزٹ کے فوری بعد لیبر قومی موومنٹ کے زیرِاہتمام امن گھر میں منعقد کیے گیے خواتین ورکرز کے پروگرام میں شرکت کی گئی۔

مختلف تقریبات میں شکاگو کو شہداء کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور آج کے عہد میں مزدوروں اور مزدور تحریک کو درپیش مسائل پر بات کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ مزدوروں کی تازہ حاصلات پر ان کو سرخ سلام پیش کیا گیا۔ تمام شرکا نے مزدور طبقے کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کا اعادہ کیا۔

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے وفد نے ڈاکٹر عمر رشید، انفارمیشن سیکرٹری پی ٹی یو ڈی سی کی قیادت میں تمام تقریبات میں شرکت کی۔ وفد میں کامریڈ عمر سمیت عمارہ ضیاء خان، علی تراب، ادیبہ کوثر، عصمت پروین، شمائلہ، شرجیل موسیٰ اور کامریڈ نوید شامل تھے۔

کامریڈ عمر، عصمت اور عمارہ نے مزدوروں سے سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ مزدوروں کے مسائل کی جڑ یہ سرمایہ دارانہ نظام ہے جس کو اکھاڑے بغیر، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے سامراجی اداروں سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر ان کی جدوجہد ہمیشہ ادھوری رہے گی۔ بھوک، ننگ، بےروزگاری، لاعلاجی اور جہالت کا خاتمہ صرف ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ڈسکہ

ڈسکہ ضلع سیالکوٹ میں محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر سٹڈی سرکل کا اہتمام کیا گیا جس سے علی نعمان، ایاز ٹیپو اور دیگر نے خطاب کیا۔

لاہور

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی آل پاکستان ریلوے ٹریڈ یونین گرینڈ الائنس کی کال پر لاہور ڈیزل انجن شیڈ میں بھی یوم مئی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس تقریب کے میزبانی کے فرائض ریلوے لیبر یونین نے ادا کئے جبکہ الائنس کے قائدین محمود ننگیانہ، سرفراز خان، عنایت علی گجر، محمد عاصم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے ریلوے کی مجوزہ تقسیم اور نجکاری کے خلاف جدوجہد تیز کرنے پر زور دیا نیز انہوں نے ریلوے میں جبری برطرفیوں کے منصوبے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شکاگو کو شہیدوں کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور مزدوروں کو مکمل حقوق ملنے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

تقریب میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفس کمپئین ’PTUDC‘ کی جانب سے عمار یاسر، ارشد اور دیگر نے شرکت کی اور ریلوے کے محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عمار یاسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پہلے بھی ریلوے سمیت تمام محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑے ہیں، آئندہ بھی ہر لڑائی اور جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔

شمالی پنجاب

راولپنڈی:  میونسپل لیبر یونین، میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے زیر اہتمام یوم مئی کی تقریب

میونسپل لیبر یونین، میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے زیر اہتمام یوم مٸی کی تقریب منعقد کی گئی۔ پروگرام میں صدر راجہ ہارون الرشید، جنرل سیکرٹری شاہد رضاپادری، سرپرست اعلیٰ راجہ عبدالمجید، سینئر نائب صدر عبد القیوم خان، مسعود فضل، ارشد خان، چیئرمین جاوید احمد، نثار کیانی، عبدالوحید، طارق یوسف، عامر شاہ اور محترم ٹیپو سلطان نے خصوصی شرکت کی۔ پی ٹی یو ڈی سی کے کارکنان اور دیگر دوستوں کی طرف سے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کیا۔

مقررین نے کہا کہ ہم شکاگو کی شہیدوں کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور اپنے حقوق کی بازیابی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ریلوے لوکو شیڈ راولپنڈی میں ریلی

آل پاکستان ریلوے ٹریڈ یونین گرینڈ الائنس اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کے زیراہتمام لوکو شیڈ راولپنڈی میں شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ریلوے لیبر یونین کے مرکزی نائب صدر راجہ عمران نےکی۔

احتجاجی ریلی سے راجہ اعظم، آصف رسول سیکرٹری جنرل ریلوے لیبر یونین ڈیزل ورکشاپ، رہنما ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ عبدالرحمان، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پی ٹی یو ڈی سی ڈاکٹر چنگیز ملک نے خطاب کیا۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجا عمران نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ نجکاری، ڈاؤن سائزنگ، رائٹ سائزنگ جیسے مزدور دشمن اقدامات کر رہی ہے۔ کمر توڑ مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے غریبوں کے چولے ٹھنڈے کر دیے ہیں۔ ہم آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ ان مزدور دشمن اقدامات کے خلاف ریلوے کا ہر مزدور سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا۔

حسن ابدال میں پروگرام کا انعقاد

یکم مئی سہ پہر پانچ بجے جلو سٹاپ پیپلز لیبر بیوروضلع اٹک کے آفس کے باہر پیپلز لیبر بیورو اورپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین’PTUDC‘  کے زیر اہتمام شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرنے کے لئے پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت پیپلز لیبر بیورو ضلع اٹک کے صدر سراج گل خٹک نے کی۔ صدر پیپلز لیبر بیورو سراج گل خٹک، صدر پی ٹی یو ڈی سی شمالی پنجاب شاہد انور ایڈووکیٹ، آرگنائزر پی ٹی یو ڈی سی ثاقب سہیل، جنرل سیکرٹری پیپلز لیبر بیورو سید منتظر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ مزدوروں کے مسائل حل کیے جا سکیں اور موجودہ نا اہل حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی جا سکے۔

اسلام آباد میں سی ڈی اے ایمپلائز یونین پاشا گروپ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد

سی ڈی اے ایمپلائز یونین پاشا گروپ کے زیراہتمام شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ابرار رضوی ریڈیو پاکستان یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اعجاز، انقلابی طلبہ محاذ راولپنڈی اسلام آباد کے آرگنائزر عبدالرحمان، پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز نے شرکت کی۔ 

کمال پاشا سیکرٹری جنرل ایمپلائز یونین سی ڈی اے پاشا گروپ نے پروگرام کی صدارت کی۔

سوات

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور ویخ زلیمان کے زیر اہتمام سوات، مالاکنڈ میں یوم مئی کے موقع پر علامتی احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکا نے سرمایہ دارانہ نظام مخالف اور سوشلسٹ انقلاب کے حق میں نعرے بازی کی۔

مظفرآباد

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پرجموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن JKNSF اورپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ’PTUDC‘ کے زیر اہتمام  لوئر پلیٹ طبقاتی جدوجہد آفس مظفرآباد میں سیمینار بعنوان شکاگو کے شہیدوں کی جدوجہد اور موجودہ عہد میں محنت کشوں کے مسائل اور حلکا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف محکموں کے ملازمین، طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی صدر JKNSF راشد شیخ، سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری طارق چغتائی، پی ٹی یو ڈی سی کے آرگنائز اویس علی، فدا چوہدری، JKNSF کے مرکزی نائب صدر مروت راٹھور، ماجد خان، راجہ تنویر، زبیر مغل، احمد بٹ، پی ایس ایف کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل ماجد اعوان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے مزدوروں کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے شکاگو کے مشن کو اس صورت ہی پورا کیا جا سکتا ہے کہ اس ظالم سرمایہ دارانہ نظام کو جو پوری دنیا میں غربت، بیروزگاری، مہنگائی اوراستحصال کی جڑ ہے، کا خاتمہ کیا جائے۔ ایک ایسے سماج کا قیام عمل میں لایا جائے جس میں انسانوں کا استحصال ختم ہو سکے۔ مقررین نے بلدیہ ملازمین کی ہڑتال کی حمایت اور ان پر کیے جانے والے جبر کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بنیادی طور پر مزدور دشمن ہے۔ اس سے کسی بھی قسم کی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔

راولاکوٹ

راولاکوٹ میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کا انعقاد این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس تقریب سے این ایس ایف کے سابق سینئر نائب صدر خلیل بابر، پی ٹی یو ڈی سی رہنما ذیشان خان، عمر شفیع، این ایس ایف کے ایڈیٹرعزم التمش تصدق، عادل بشیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ جبکہ بدر رفیق نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔

باغ

باغ میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیراہتمام مختصر تقریب اور علامتی احتجاج منعقد کیا گیا۔ اس تقریب سے این ایس ایف کے قائم مقام صدر راشد باغی، قائمقام سیکرٹری جنرل باسط ارشاد، مرکزی رہنما شاہ ذیب خان، زئید خان، عبدالرحمان، ذیشان ممتاز اور دیگر نے خطاب کیا۔

ہجیرہ

تحصیل ہجیرہ میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام یوم مئی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا اور بعد ازاں علامتی احتجاج بھی کیا گیا۔ تقریب سے عثمان عزیز، اسامہ پرویز، مجیب خان، عمر ریاض، سیف اللہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

علی سوجل

علی سوجل میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیراہتمام یوم مئی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے سابق چیف آرگنائزراین ایس ایف تنویر انور، مرکزی چیئرمین پبلسٹی بورڈ شفقت رحیم داد، مجید خان، کامریڈ طاہر، ثقلین خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

ہولاڑ کوٹلی

 ہولاڑ کوٹلی میں بھی پی ٹی یو ڈی سی اور این ایس ایف کے زیر اہتمام یوم مئی کے موقع پر تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقاریب سے پی ٹی یو ڈی سی کشمیر کے سیکرٹری جنرل عبدالواحد خان، سعد جمال ناصر، یاسر لاہوری، عثمان خان، سعد خالق، جنید خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts