خبریں/تبصرے

جنرل فیض حمید کے اگلا آرمی چیف بننے کی خبر ڈیلیٹ کر دی گئی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) انگریزی زبان میں شائع ہونے والے موقر تجارتی اخبار ’بزنس ریکارڈر‘ نے دو روز قبل اپنی ویب سائٹ پر ایک خبر شائع کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ جنرل فیض حمید اگلے فوجی سربراہ ہوں گے البتہ چند گھنٹوں بعد یہ خبر ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی۔

یاد رہے، موجودہ آرمی چیف، جنرل قمر جاوید باجوہ، تیرہ ماہ بعد ریٹائر ہو جائیں گے اور اگر ان کی مدت ملازمت میں نئے سرے سے توسیع نہ ہوئی تو ایک نیا فوجی سربراہ مقرر کیا جائے گا۔ آئین کے مطابق نئے سربراہ کا تقرر وزیر اعظم کریں گے۔

بزنس ریکارڈر کی ویب سائٹ سے خبر ہٹائے جانے پر معروف صحافی اسد علی طور نے اپنے ویلاگ میں تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل جب جنرل فیض حمید کی کابل کے سیرینا ہوٹل میں لی گئی تصویر منظر عام پر آئی تو فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے تمام میڈیا ہاوسز کو یہ ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اس تصویر کی کسی قسم کی کوئی کوریج مت کریں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts