لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے شہر قندھار میں شیعہ برادری کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے سے کم از کم 30 افراد ہلاک جبکہ 90 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
گزشتہ 13 روز میں شیعہ برادری پر یہ تیسرا حملہ ہے۔
دھماکے کی نوعیت کا تعین تاحال نہیں ہو سکا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ نماز جمعہ کے دوران ہونے والا ایک خود کش دھماکہ تھا۔
’اے ایف پی‘ کے مطابق مسجد کے مرکزی دروازے پر 3 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
’طلوع نیوز‘ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔ تاحال سرکاری ذرائع سے کوئی مصدقہ تعداد نہیں بتائی گئی ہے اور نہ ہی اس حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے فوری طور پر قبول کی ہے۔
گزشتہ جمعہ 8 اکتوبر کو قندوز میں شیعہ برادری کی مسجد میں اجتماع کے دوران ہونے والے خود کش حملے میں کم از کم 50 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔